میرپورخاص (رپورٹ: ایم ہاشم شر) اسلام نے عورت کو مظلومیت سے نکال کر اعلی مقام اور مرتبہ عطا کیا، بہن، بیوی، بیٹی اور ماں کی صورت میں عزت عطا کی اور کہا کہ آزادی نسواں کے نعرے مسائل کا حل نہیں ہیں بلکہ یہ عورت کی مزید تباہی میں دھکیلنے کے مترادف ہے ان خیالات کا ظہار جماعت اسلامی سندھ کی نائب ناظمہ رخشندہ ناز نے جماعت اسلامی حلقہ خواتین میرپورخاص کے تحت پریس کلب میرپورخاص کے ہال میں منعقدہ خواتین کی ایک بڑی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، جماعت اسلامی سندھ کی نائب ناظمہ رخشندہ ناز نے خطاب میں مزید کہا کہ خاندان انسانی معاشرے کا اولین ادارہ ہے اور اسکے استحکام کا ذمہ دار میاں بیوی کے تعلقات پر ہے ضرورت اس بات کی ہے کہ معاشرے کا ہر فرد اپنی ذمہ داریوں کو ادا کرے یہی مسئلہ کا حل ہے، نائب ناظمہ صوبہ سندھ محترمہ عشرت مظہر نے خواتین کانفرنس میں خواتین کے حقوق کا چارٹر پیش کیا، کانفرنس سے ناظمہ ضلع میرپورخاص محترمہ صبیحہ احتشام، لٹل فلاور اسکول کی پرنسپل محترمہ ناظیہ اور لمس کی طالبہ نے اپنے خیالات کا اظہار کیا، اسکے بعد، عالمی یوم خواتین کے حوالے سے قرارداد پیش کی گئی جس میں مطالبہ کیا گیا کہ اسلام کی روشنی میں خواتین کو انکے قانونی، معاشی اور سیاسی حقوق دیے جائیں، میڈیا کو اخلاق کا پابند کیا جائے، ڈراموں کے ذریعے عریانی اور فحاشی کو بند کیا جائے اور خاندان انسانی معاشرے کا اولین ادارہ ہے کی سوچ پروان چڑھائی جائے، کانفرنس میں خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
![]()