کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) فیضان اسٹیل اور آر جے بلڈرز اینڈ ڈیولپرز کے زیر اہتمام میمن کرکٹ ٹیم نے دبئی پہنچنے کے بعد اپنے دورے کا فاتحانہ آغاز کردیا۔ ڈیزرٹ کرکٹ ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں میمن اسٹارز نے ایکس آر پی الیون کو دس وکٹوں جبکہ دوسرے مقابلے میں سنڈے سپر اسٹارز کو 106رنز سے پچھاڑ ڈالا۔ تفصیلات کے مطا بق فیضان اسٹیل کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر انجینئر جہانزیب خان اور آر جے بلڈرز کی جانب سے میمن برادری کے 15 نوجوان کھلاڑیوں کو دورہ دبئی کیلئے اسپانسر کیا گیا ہے۔ جہاں میمن اسٹارز کرکٹ ٹیم نے چار ٹیموں کے ڈیزرٹ کرکٹ ٹورنامنٹ کا دھواں دار فتح کے ساتھ آغاز کیا۔ البتایا کرکٹ گراؤنڈ شارجہ میں کھیلے گئے پہلے میچ میں ایکس آر پی الیون کی پوری ٹیم 19.5 اوورز میں صرف 108رنز پر پویلین سدھار گئی۔ شارتھ شیٹی 38 اور داؤد مرزا 19 رنز بناکر نمایاں رہے۔ ادریس امین اور عمار پاستا نے تین تین وکٹیں جبکہ عبید عمر نے دو کھلاڑیوں کا شکار کیا۔ جواب میں میمن اسٹارز کے ابتدائی بلے بازوں نے ہدف آٹھ اوورز میں مکمل کردیا۔ یونس طائی نے برق رفتار 69 اور حمزہ الطاف نے 42 رنز کی اننگز تراشیں۔ دونوں کی اننگز میں تین تین بلند و بالا چھکے شامل تھے۔ یونس طائی کو شاندار بلے بازی پر میچ کا ہیرو قرار دیا گیا۔ دوسرے معرکے میں میمن اسٹارز نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں تین وکٹوں پر 212 رنز کا پہاڑ کھڑا کردیا۔ جس میں سعد آصف نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 56 رنز کی اننگز سجائی۔ عدیل اقبال نے 42 اور احمد آصف نے 41 رنز اسکور کیے۔ آگم شاہ، شعیب عثمانی اور گوپال جساپارا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ جواب میں سنڈے سپر اسٹارز کی پوری ٹیم 16.4 اوورز میں 106 رنز بناکر پویلین سدھار گئی۔ شعیب عثمانی کی نصف سینچری بھی انکی ٹیم کو کامیابی نہ دلواسکی۔ اویس فیصل نے تین جبکہ دانش مناف اور عثمان اشرف نے دو دو کھلاڑیوں کا شکار کیا۔ سعد آصف کو میچ کا بہترین کھلاڑی نامزد کیا گیا۔ میمن ٹیم کے دورہ دبئی کے گولڈ اسپانسرز میں ہومیج، ڈاؤن ٹاؤن، نیا ناظم آباد جمخانہ اورالذوہیب جبکہ یورو ٹائلز، نورانی الیکٹرونکس، ہوم اینڈ بے بی اور زیڈ انٹرنیشنل اسکول سلور اسپانسرز میں شامل ہیں۔
![]()