Home / اہم خبریں / خیبر پختونخوا کی جیلوں کے اندر صنعتیں اور فنی تعلیم کے اداروں کے علاوہ منشیات کے عادی افراد کی بحالی کے مراکز قائم کیے جائیں گے۔ معاون خصوصی برائے جیل خانہ جات

خیبر پختونخوا کی جیلوں کے اندر صنعتیں اور فنی تعلیم کے اداروں کے علاوہ منشیات کے عادی افراد کی بحالی کے مراکز قائم کیے جائیں گے۔ معاون خصوصی برائے جیل خانہ جات

ایبٹ آباد (رپورٹ: عتیق سلیمانی) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے جیل خانہ جات تاج محمد ترند نے اعلان کیا ہے کہ خیبر پختونخوا کی جیلوں میں قیدیوں کو تعلیم یافتہ، ہنر مند اور معاشرے کے مفید شہری بنانے کے لیے جیلوں کے اندر صنعتیں اور فنی تعلیم کے اداروں کے علاوہ منشیات کے عادی افراد کی بحالی کے مراکز بھی قائم کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ بھر کی جیلوں میں منشیات کے عادی قیدیوں کی نشاندہی کے لیے ان کی طبی سکریننگ بھی کی جائے گی۔ یہ اعلان انہوں نے منگل کے روز ایبٹ آباد اور مانسہرہ کی ڈسٹرکٹ جیلوں کے دورہ کے موقع پر مختلف شعبوں کے معائنہ اور قیدیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر رکن خیبر پختونخوا اسمبلی و چیئرمین ضلعی ترقیاتی مشاورتی کمیٹی ایبٹ آباد نذیرعباسی، معاون خصوصی بہبود آباد احمد حسین شاہ، خیبر پختونخوا اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے جیل خانہ جات کے سربراہ ایم پی اے بابر سلیم سواتی، ایم پی اے نوابزادہ فرید صلاح الدین و نعیم سخی تنولی، آئی جی جیل خانہ جات خیبر پختونخوا مسعود الرحمان، جیل سپرنٹنڈنٹ وسیم خان، حامد اور دیگر بھی ان کے ہمراہ تھے۔ معاون خصوصی تاج محمد خان ترند نے کہا کہ خیبر پختونخوا کی تمام جیلوں میں ایمبولینس اور قیدیوں کو صحت کی بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے صوبائی حکومت جلد اقدامات اٹھا رہی ہے جس کے تحت سارے صوبے میں ایمبولینس فراہم کر دی جائیں گی اور اس کے ساتھ ساتھ ایک بار پورے صوبے کے قیدیوں کی سکریننگ کی جائے گی۔ انہوں نے جیل حکام کو ہدایت کی کہ جیل میں موجود منشیات کے عادی افراد کی باقاعدہ کونسلنگ کی جائے تاکہ رہائی پر باہر جاکر وہ منشیات ترک کر سکیں۔ معاون خصوصی تاج محمد خان ترند نے آئی جی جیل خانہ جات اور جیل سپرنٹنڈنٹ کو ہدایت کی کہ جیل کی بیرکوں اور کوٹھڑیوں میں قیدیوں کو ہیٹنگ سسٹم فراہم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ قیدیوں سے ملنے والے افراد کو ملاقات کی اجازت دی جائے اور جیل میں قائم ٹک شاپ پر فروخت کی جانے والی اشیائے خورد و نوش کے معیار اور نرخوں پر نظر رکھی جائے۔ تاج محمد ترند نے جیل میں فردا فرداً قیدیوں سے ملاقات کی اور ان کے مسائل سنے اور موقع پر درخواستوں پر احکامات بھی جاری کیے۔ انہوں نے اپنے دورہ کے دوران ٹک شاپ، دھوبی گھاٹ، باربر شاپ، لنگر خانہ، زنانہ بارک، ہسپتال، قرشی انڈسٹری کی قائم کردہ ڈسپنسری اور دیگر حصوں کا معائنہ کیا۔ انہوں نے این سی آیچ ڈی کے زیر اہتمام غیر رسمی تعلیم کے تحت پڑھنے والے 20 قیدیوں میں سرٹیفکیٹ تقسیم کئے اور این سی ایچ ڈی کا شکریہ ادا کیا۔معاون خصوصی جیل خانہ جات تاج محمد خان ترند نے جیل جکام کو ہدایت کی کہ وہ قیدیوں کو سپورٹس سہولیات فراہم کرنے کے اقدامات بھی کریں۔ انہوں نے کہا کہ ماحول دوست کپڑے کے تھیلے تیار کرنے کی مشین انشاء اللہ دو ماہ تک جیل کو فراہم کر دی جائے گی جس کی بدولت جیل میں موجود قیدی کاٹن کے بیگ بنائیں گے جس سے قیدیوں میں ہنر بھی آئے گا اور اس کے ساتھ ساتھ ان کو معاوضہ بھی ملے گا۔ انہوں نے جیل حکام کی طرف سے پیش کئے گئے مسائل کے حل کا یقین دلایا اور سکیورٹی کے حوالے سے سی سی ٹی وی کیمرہ اور لائٹس کا بھی جلد بندوبست کرنے کے احکامات جاری کیے۔ ایبٹ آباد میں جیل سپرنٹنڈنٹ وسیم خان نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ایبٹ آباد جیل سب سے پرانی جیل ہے جو 1893 میں بنائی گئی تھی لیکن 2005 کے شدید زلزلہ میں مکمل تباہ ہوگئی تھی جسے دوبارہ ایرا نے تعمیر کیا اور نومبر 2017 سے دوبارہ کھول دی گئی۔ تعمیر نو سے قبل جیل میں 208 قیدیوں کی گنجائش تھی تاہم دوبارہ تعمیر میں اس میں 808 قیدیوں کی گنجائش موجود ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس وقت جیل میں 395 قیدی موجود ہیں اور77 سٹاف, ایک میڈیکل آفیسر, ایک ماہر نفسیات اور دیگر میڈیکل سٹاف موجود ہے جبکہ مزید دو میڈیکل آفیسر کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ خواتین قیدیوں کے بلاک میں سلائی مشین اور ہیٹنگ سسٹم اور دیگر سہولیات موجود ہیں۔

About admin

یہ بھی پڑھیں

بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے قومی اسکواڈ کا اعلان، شان مسعود قیادت کریں گے

کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین/اسپورٹس رپورٹر) بنگلہ دیش کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے