کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) کے صدر شیخ عمر ریحان نے ضلع کورنگی میں شعبہ صحت اور پولیو مہم کے لیے بہترین کارکرگی پر ڈپٹی کمشنر کورنگی شہریار گل میمن کی کوششوں کو سراہتے ہوئے قابل تحسین قرار دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ڈی سی کورنگی نے ایک ہزار سے زائد ہیلتھ ورکرز میں سے 43 ایسے ہیلتھ ورکر کو اعزازات سے نوازنے کا اہتمام کیا جن کا رفیوزل ریٹ صفر رہا۔ اس تقریب میں چیئرمین و سی ای او کائٹ زبیر چھایا، کاٹی کے سابق صدور دانش خان اور احتشام الدین نے بھی شرکت کی۔ صدر کاٹی کا کہنا تھا کہ ڈی سی کورنگی کی ضلعے کی بہتری کے لیے کاوشیں لائق تحسین ہیں اور کورنگی صنعتی علاقے کے مسائل حل کرنے کے لیے ان کا تعاون مثالی ہے۔ صدر کاٹی کا کہنا تھا کہ پولیو کے خاتمے کے لیے مثالی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ہیلتھ ورکر ہمارے لیے قومی ہیرو کا درجہ رکھتے ہیں، ان کی حوصلہ افزائی کے لیے ڈی سی کورنگی شہریار میمن نے قابلِ تقلید مثال قائم کی ہے۔ زبیر چھایا کا کہنا تھا کہ شہریار میمن جیسے نوجوان اور فرض شناس افسران ہمارا قومی اثاثہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کورنگی صنعتی علاقے میں انفرااسٹرکچر سے متعلق مسائل حل کرنے میں ڈی سی کورنگی کا بھرپور تعاون حاصل ہے۔ انہوں نے پولیو ورکرز کی حوصلہ افزائی کے لیے تقریب اور اعزازت کے اہتمام کو بھی سراہا۔
![]()