میرپورخاص (رپورٹ: ایم ہاشم شر) حق پرست رکن قومی اسمبلی صابر قائمخانی، ڈسٹرکٹ جوائنٹ انچارجز آفاق احمد خان، خالد تبسم ، سلیم میمن و اراکین ڈسٹرکٹ کمیٹی عثمان مغل اور سہیل احمد پر مشتمل ایم کیو ایم پاکستان میرپورخاص ڈسٹرکٹ کے ایک وفد نے حیدرآباد میں سوئی سدرن گیس کمپنی کے ریجنل آفس میں جنرل مینیجر اکرم قریشی اور ڈپٹی جنرل مینیجر سیلز صلاح الدین ظفر سے ملاقات کی ۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ جوائنٹ انچارج آفاق احمد خان نے میرپورخاص کے عوام کو درپیش مسائل کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بلاجواز طویل گیس کی بندش اور پریشر میں کمی کی وجہ سے شہریوں کو شدید ذہنی اذیت کا سامنا ہے ۔ کسٹمر فیسلٹیشن سینٹر میرپورخاص کے بجائے دوسرے تعلقہ شجاع آباد میں قائم ہے جس کی وجہ سے گیس صارفین کو مسائل کی شکایات کے اذالے کے لئے کئی کلومیٹر طویل سفر کرناپڑتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کسٹمر فیسیلٹیشن سینٹر شہر کے وسط میں قائم کیا جائے ۔ نل منیمم کیسز کے نام پر بے جا یونٹس چارج کرنے کا سلسلہ بھی بند کیا جائے کیونکہ بیشتر گھروں میں گیس کا استعمال ہی کم ہے جس کی وجہ سے یونٹس کم ہوتے ہیں ۔ خالد تبسم نے بلنگ ڈپارٹمنٹ کے انچارج طارق شاہ کے غیر پیشہ ورانہ اور نامناسب رویہ کی جانب توجہ مبذول کراتے ہوئے کہا کہ بلنگ ڈپارٹمنٹ کے انچارج اور عملے کے نامناسب رویہ کی وجہ سے صارفین کو مسئلے کے حل کے لئے دفتر کے چکر لگانا پڑتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بلنگ انچارج طارق شاہ کا میرپورخاص کے عوام سے تضحیک آمیز رویہ برداشت نہیں کیا جائے گا ۔ سلیم میمن نے وفاق کی جانب سے 45 کروڑ روپے کی خطیر رقم سے جاری گیس سپلائی اسکیم کی مکمل تفصیلات طلب کیں جس پر سوئی گیس افسران نے بتایا کہ ہ مذکورہ اسکیم تکمیل کے آخری مراحل میں ہے اور جنوری 2020ء میں نہروں کی بھل صفائی کے دوران گیس لائن کو جمڑاءو نہر سے گذارا جائے گا ۔ انہوں نے بتایا کہ منصوبے کی تکمیل کے بعد میرپورخاص کے گیس صارفین کو آئندہ پندرہ برس تک گیس پریشر میں کمی کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا ۔ اس موقع پر عوامی مسائل کے فوری حل کے لئے ایم کیو ایم پاکستان میرپورخاص ڈسٹرکٹ کمیٹی ممبران اور زونل مینیجر سوئی سدرن گیس کمپنی میرپورخاص ودیگر گیس افسران پر مشتمل ایک ٹیم تشکیل دینے پر بھی اتفاق رائے ہوا۔
![]()