میرپورخاص (رپورٹ: ایم ہاشم شر) ایم کیو ایم پاکستان میرپورخاص ڈسٹرکٹ کے تحت میرپورخاص کے علاقے ڈھولن آباد میں تنظیمی اجلاس منعقد ہوا جس میں نگراں ڈسٹرکٹ انچارج خوشی محمد مغل، ڈسٹرکٹ جوائنٹ انچارجز و اراکین ڈسٹرکٹ کمیٹی، تمام یوسیز کے ذمہ داران، چیئرمین بلدیہ کامران شیخ، وائس چیئرمین فرید احمد خان اور حق پرست کونسلرز نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر نگراں ڈسٹرکٹ انچارج خوشی محمد مغل نے بات کرتے ہوئے کہا کہ مثالی نظم و ضبط ایم کیو ایم پاکستان کا خاصہ ہے اور کارکنان تحریک کا اثاثہ ہیں۔ ہم اتحاد کی طاقت سے سازشوں کو ناکام بنائیں گے۔ انہوں نے حق پرست بلدیاتی نمائندوں کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھائیں۔ انہوں نے کہا کہ میرپورخاص کے عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ ایم کیو ایم پاکستان کا ایک ایک کارکن سیاست برائے خدمت پر یقین رکھتا ہے۔ بلدیاتی مسائل کے فوری حل کے لئے لائحہ عمل تیار کیا جائے۔ ڈسٹرکٹ جوائنٹ انچارج آفاق احمد خان نے کہا کہ کارکنان کو اعلیٰ تعلیم کے حصول اور دور حاضر کے جدید تقاضوں کے مطابق خود کو ڈھالنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے ملکی سیاست اور سیاسی جدوجہد میں سوشل میڈیا کے کردار اور اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ آج سوشل میڈیا، پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا پر سبقت لے چکا ہے۔ ڈسٹرکٹ جوائنٹ انچارجز خالد تبسم اور سلیم میمن نے کہا کہ ہم آج عزم کرتے ہیں کہ مل کر ماضی کی کوتاہیوں کا اذالہ کریں گے اور تحریکی کام میں بہتری لانے کے لئے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔
![]()