ڈیرہ اسماعیل خان (رپورٹ: گوہر غنچہ) ضلعی انتظامیہ اور ٹریفک پولیس کی ملی بھگت سے ڈسٹرکٹ ہسپتال روڈ ایمبولنسز اور گاڑیوں کے پارکنگ سٹینڈ میں تبدیل ہوگیا، ہسپتال روڈ پر غیر قانونی پارکنگ سٹینڈز کی بھرمار، فٹ پاتھ ، سڑک ذاتی جاگیر میں تبدیل، ٹریفک کا بہاؤ شدید متاثر، ڈسٹرکٹ ہسپتال روڈ ڈیرہ اسماعیل خان کے دونوں اطراف میں غیر قانونی پارکنگ سٹینڈ کی بھرمار ہوگئی، ٹریفک روانی کا عمل شدید متاثر ہے جبکہ فٹ پاتھ کے نام و نشاں تک دکھائی نہیں دیتے، ضلعی انتظامیہ اور ٹریفک پولیس خاموش تماشائی بن کررہ گئی ہے، ڈسٹرکٹ ہسپتال روڈ سڑک کی بجائے پارکنگ سٹینڈ کی شکل اختیار کرچکی ہے، رش اور غیر قانونی سٹینڈ کی وجہ سے ٹریفک بلاک رہنا معمول بن گیا، روڈ کے کنارے ایمبولینسز نے اور ٹیکسی کاروں نے اپنے مستقل غیر قانونی ڈیرے قائم کر رکھے ہیں جنہیں کوئی بھی پوچھنے والا نہیں ہے۔ ٹریفک جام رہنا اور گاڑیوں کو ہجوم میں پھنسے رہنا عوام کے لئے مستقل طور پر درد سر بن گیا مگر انتظامیہ ٹس سے مس نہیں ہو رہی، جبکہ شہری حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ انتظامیہ ان پارکنگ سٹینڈ کو ختم کرے جو سڑکوں پر دھڑلے سے قائم ہیں، ہسپتال روڈ پر ناجائز پارکنگ سٹینڈ قائم ہونے سے ٹریفک بلاک کی وجہ سے دوکاندار، رہائشی، طلباء و طالبات اذیت سے دوچار ہیں اور کمشنر، ڈی سی سے مطالبہ کیا ہے کہ اس اذیت ناک مسئلہ سے مستقل بنیادوں پر نجات دلائی جائے، یہی صورت حال سرکلر روڈ کے دیگر علاقوں، اسٹیٹ لائف لائف بلڈنگ، مقامی ہوٹل، پلازوں کے سامنے بھی 24 گھنٹے پارکنگ سٹینڈ قائم ہیں، جن سے ٹریفک کی روانی متاثر رہتی ہے، تمام تر مقامات پر قائم پارکنگ کی وجہ پس پردہ متعلقہ اداروں یا شخصیات کی آشیرباد ہوتی جوکہ لمحہ فکریہ ہے، ٹریفک پولیس ان مقامات پر پارکنگ سٹینڈ ختم کرانے کی بجائے، لفٹر سے غلط پارک کی گئی گاڑیاں اٹھانے، روڈ کلئیر کرنے کی بجائے راہ گزرتے موٹر سائیکل سواروں کے چالان کرکے لگاتار، دھڑا دھڑ اپنے ٹارگٹ پورا کرنے میں مصروف رہتی ہے، شہریوں کا کہنا ہے کہ یہ انتہائی ایک اہم مسئلہ جسے حل کرنا ضلعی انتظامیہ، ٹریفک پولیس اور تمام متعلقہ اداروں کو ایکشن لیتے ہوئے عملی اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ سڑک کے ساتھ ساتھ فٹ پاتھ بھی پارکنگ سٹینڈ میں تبدیل ہوگئے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے ٹریفک پولیس ان قبضہ مافیا کے خلاف کاروائی سے گریز کرتی ہے اور ٹریفک پولیس کا رعب اور قلم صرف عام غریب شہریوں پر چلتا ہے جبکہ یہ بااثر افراد کے آگے بے بسی کا نشان بن جاتی ہے۔ ڈسٹرکٹ ہسپتال روڈ کے دکانداروں نے ڈی پی او ڈیرہ سے مطالبہ کیا کہ ٹی بی ہسپتال سے لے کر ٹراما سنٹر تک تین ٹریفک اہلکاروں کی تعینات کریں، ہسپتال روڈ پر سڑک کے کنارے مستقل بنیادوں پر کھڑی ایمبولیس، کار ٹیکسی اور چنگ چی رکشوں کو وہاں سے ہٹائیں تاکہ ٹریفک کی روانی متاثر نہ ہو۔
![]()