کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) پاکستان ایگریکلچر ڈویلپمینٹ پراجیکٹ کے زیرانتظام سندھ کی اعلیٰ درجے کی کھجوروں کی ایک روزہ نمائش کا انعقاد آج دلکشا ہال، ہوٹل پرل کانٹینینٹل میں کیا جارہا ہے جسکے لئے مالی معاونت امریکی ادارہ برائے زراعت نے کی ہے۔ نمائش میں خیرپور اور سکھر کے اضلاع سے کجھور کے 30 سے زائد کاشتکاروں اور تاجران کے لئے سٹالوں کا بندوبست کیا گیا ہے جن میں ان اضلاع میں کاشت کی جانے والی کھجور کی مختلف اقسام نمائش اور خرید و فروخت کے لئے دستیاب ہونگی۔ اس نمائش کے ذریعے کھجور کے ترقی پسند کاشتکاروں اور تاجران کوایک مشترکہ پلیٹ فارم دستیاب ہوگا جسکے ذریعے وہ کھجور اور کھجور سے بننے والی مختلف مصنوعات کی نمائش کرسکتے ہیں، کھجور کے نمایاں خریداروں اور صنعت کاروں سے براہِ راست روابط قائم اور کاروباری معاہدے کرسکتے ہیں۔ نمائش سے کاشتکاروں اور تاجران کو کھجور کی پراسیسنگ، پیکنگ اور مارکیٹنگ کے جدید تقاضوں کے بارے میں آگہی کے علاوہ کھجور کی صنعت سے وابسطہ اہم افراد کے ساتھ معلومات کے تبادلے اور ان سے منسلک ہونے میں بھی سہولت ملے گی۔ نمائش عام افراد کے لئے صبح 10 سے شام 6 بجے تک کُھلی ہوگی اور داخلہ مفت ہوگا۔ کھجور کی فصل سے وابسطہ اہم صنعت کاروں، فیکٹری مالکان، تاجران، میڈیا کے نمائندوں اور حکومتی افسران کی ایک بڑی تعداد کی اس نمائش میں آمد متوقع ہے۔ پاکستان ایگریکلچر ڈویلپمینٹ پراجیکٹ، امریکی ادارہ برائے زراعت کے مالی تعاون سے شروع کیا جانے والا پانچ سالہ (2021-2016) منصوبہ ہے۔ جس پر وِن روک انٹرنیشنل ادارہ برائے زرعی ترقی عملدرآمد کر رہا ہے۔ پراجیکٹ کا مرکوز صوبہ پنجاب اور صوبہ سندھ میں کھجور، ٹماٹر، کیلے اور سرخ مرچ کی ٖویلیو چین کی ترقی ہے۔ پراجیکٹ کے مقاصد میں کاشتکاروں کی تربیت اور جدید ٹیکنالوجی تک رسائی کے ذریعے پیداوار اور منافع میں اضافہ کرنا اور ویلیو چین سےمنسلک اہم افراد بشمول کاشتکار، کاروباری افراد اور صنعتی اداروں کے درمیان روابط قائم کرکے ملکی اور غیر ملکی تجارت کو بڑھانا شامل ہیں۔ کھجور کی ویلیو چین کی ترقی کے لئے اپنے آغاز سے ہی پراجیکٹ کھجور کے کاشتکاروں / تاجروں اور پاکستان کے نمایاں خریداروں اور صنعت کاروں کے مابین روابط استوار کرنے میں سہولت کاری کررہا ہے۔ ان کوششوں کی بدولت کجھور کے کاشتکاروں/ تاجروں اور خریداروں کے مابین کھجوروں کی خرید و فروخت کے کئی معاہدے ہو چکے ہیں۔
![]()