کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں سنٹرل پنجاب اور سندھ کے درمیان میچ بھی ڈرا ہوگیا۔ سنٹرل پنجاب نے دوسری اننگز میں سندھ کے خلاف 9 وکٹوں کے نقصان پر 406 رنز کی سبقت حاصل کی تھی کہ میچ کے لیے مقررہ وقت ختم ہوگیا۔ میچ کے چوتھے روز سنٹرل پنجاب کی جانب سے کامران اکمل نے سنچری اور ظفر گوہر نے نصف سنچری اسکور کی۔ سنٹرل پنجاب کی جانب سے 2 وکٹوں کے نقصان پر 207 رنز سے دوسری اننگز کا دوبارہ آغاز کرنے والے عمر اکمل میچ کے آخری روز 122 اور سلمان بٹ 83 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان 188 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ محمد سعد کے جلد آؤٹ ہونے کے بعد وکٹ کیپر بیٹسمین کامران اکمل اور آل راؤنڈر ظفر گوہر کے درمیان 227 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ کامران اکمل 166 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ 212 گیندوں پر مشتمل ان کی اننگز میں 26 چوکے شامل تھے۔ ظفر گوہر نے 13 چوکوں کی مدد سے 75 رنز کی اننگز کھیلی۔ احسان عادل 11 اور وقاص مقصود 2 کے انفرادی اسکور پر کریز پر موجود تھے کہ امپائرز نے میچ ختم کرنے کا اعلان کردیا۔ دن کے اختتام پر سنٹرل پنجاب نے 9 وکٹوں کے نقصان پر 499 رنز بنائے تھے۔ سندھ کی جانب سے تابش خان نے میچ میں 7 وکٹیں حاصل کیں۔ اس سے قبل سنٹرل پنجاب کے 246 رنز کے جواب میں سندھ کی پوری ٹیم 399 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تھی۔
![]()