لاہور (سپورٹس ڈیسک) بنگلہ دیش میں جاری اے سی سی ایمرجنگ ٹیمز ایشیا کپ میں پاکستان نے اپنے پہلے میچ میں افغانستان کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔ افغانستان کی پوری ٹیم 138 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ محمد محسن نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔ پاکستان نے مطلوبہ ہدف 36 ویں اوور میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ روحیل نذیر نے 52 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ ایشین کرکٹ کونسل کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق کاکس بازار بنگلہ دیش میں کھیلے گئے میچ میں افغانستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ قومی ایمرجنگ ٹیم کے باؤلرز کی نپی تلی باؤلنگ کے باعث افغانستان کی آدھی ٹیم 74 رنز پر پویلین واپس لوٹ گئی تاہم چھٹی وکٹ کے لیے کپتان منیر احمد اور وحید اللہ نے 46 رنز جوڑے۔ منیر احمد 41 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ افغانستان کی پوری ٹیم 42.2 اوورز میں 138رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ پاکستان کی جانب سے محمد محسن نے 30 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ خوشدل شاہ اور عماد بٹ نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔ 139 رنز کے تعاقب میں قومی ایمرجنگ ٹیم کی جانب سے عمیر بن یوسف اور حیدر علی پر مشتمل اوپننگ جوڑی نے ٹیم کو 50 رنز کا پراعتماد آغاز فراہم کیا۔ عمیر بن یوسف 38 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ حیدر علی 16 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ تیسری وکٹ کے لیے روحیل نذیر اور سعود شکیل کے درمیان 70 رنز کی ناقابل شکست شراکت نے پاکستان کو میچ میں فتح دلادی۔ روحیل نذیر نے 2 چوکوں اور 1 چھکے کی مدد سے 52 ر نز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ کپتان سعود شکیل 31 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ قومی ایمرجنگ ٹیم نے مطلوبہ ہدف 35.3 اوورز میں مکمل کرلیا۔ قومی ایمرجنگ ٹیم ایونٹ میں اپنا دوسرا میچ سری لنکا کے خلاف 16نومبر کو کھیلے گی۔
![]()