کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) نیا ناظم آباد کراچی میں سندھ اور بلوچستان کے درمیان میچ ڈرا ہوگیا۔ 259 رنز کے تعاقب میں بلوچستان نے 1 وکٹ کے نقصان پر 8 رنز بنائے تھے کہ میچ کے لیے مقررہ وقت ختم ہوگیا۔ اس سے قبل 11 رنز کی سبقت سے دوسری اننگز کا آغاز کرنے والی سندھ کی پوری ٹیم 247 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ اوپنر صائم ایوب نے 10 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 104 رنز اسکور کیے۔ پہلی اننگز میں 4 وکٹیں حاصل کرنے والے بلوچستان کے اسپنر محمد جنید نے میچ میں 8 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ پہلی اننگز میں بلوچستان نے سندھ کے 241 رنز کے جواب میں 230 رنز بنائے۔ سندھ کے میڈیم پیسر محمد مکی نے 5 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ ادھررانا نوید کرکٹ اکیڈمی شیخوپورہ میں ناردرن اور خیبرپختونخوا کے درمیان میچ بھی بے نتیجہ ختم ہوگیا۔ 314 رنز کے تعاقب میں خیبرپختونخوا کی ٹیم کھیل کے اختتام پر 3 وکٹوں کے نقصان پر 146 رنز ہی بناسکی۔ دوسری وکٹ کے لیے معاذ صداقت اور سلمان خان جونیئر کے درمیان 98 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ معاذ صداقت 52 اور سلمان خان جونیئر 51 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ اس سے قبل 25 رنز کی سبقت سے دوسری اننگز کا آغاز کرنے والی ناردرن کی ٹیم نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 288 رنز بناکر اننگز ڈکلیئر کردی۔ اوپنر عبدالفصیح نے 16چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست سنچری اسکور کی۔ حسن عابد نے 61 رنز اسکور کیے۔ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان 104 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ پہلی اننگز میں خیبر پختونخوا کی ٹیم ناردرن کے 190 رنز کے جواب میں 165رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔
![]()