ڈیرہ اسماعیل خان (رپورٹ: گوہر غنچہ) قتل کا انتہائی دل خراش واقعہ، ڈسٹرکٹ بار ڈیرہ اسماعیل خان کے نامور قانون دان ملک اقبال کھیارہ کو نامعلوم مسلح ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ کرکے موت کی ابدی نیند سلادیا، ملزمان ارتکاب جرم کے بعد فرارہونے میں کامیاب، مقتول ملک اقبال کھیارہ کی نماز جنازہ ادا کرکے انہیں آبائی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا، پولیس نے نامعلوم ملزمان کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرلیا۔ ڈسٹرکٹ بار ڈیرہ کے معروف قانون دان اور زمیندار ملک اقبال کھیارہ ایڈوکیٹ ولد ملک محمد نواز سکنہ بستی استرانہ شمالی ڈیرہ اتوار کی صبح موٹرسائیکل پر اپنی اراضی کی جانب جارہے تھے کہ تھانہ یونیورسٹی کی حدود درابن خورد کے قریب پہنچنے پر نامعلوم مسلح ملزمان نے ان پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوکر موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ ملزمان ارتکاب جرم کے بعد جائے وقوعہ سے فرا ر ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ واقعہ کی اطلاع پر ریسکیو 1122 اور پولیس فوری موقع پر پہنچ گئے اوران کی لاش کو ایمبولینس کے ذریعے ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں پوسٹ مارٹم کے بعد لاش ورثا کے حوالے کردی گئی۔ یونیورسٹی پولیس نے مقتول کے بھائی بھائی ملک اسماعیل ولد ملک محمد نواز کھیارہ سکنہ بستی استرانہ شمالی کی رپورٹ پر نامعلوم ملزمان کیخلاف قتل مقدمہ درج کرلیا ہے۔ دریں اثنا مقتول ملک اقبال کھیارہ ایڈوکیٹ کی نماز جنازہ گومل یونیورسٹی سٹی کیمپس میں ادا کی گئی جس میں وکلاء، تاجر، سیاسی، سماجی، مذہبی شخصیات اور قریبی عزیز و اقارب اور دوست احباب کے علاوہ معززین علاقہ نے کثیر تعداد میں شرکت کی، مرحوم کو ان کے آبائی قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا ہے۔
![]()