کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری کی جانب سے کراچی کے تاجروں کے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا، چیئرمین آل سٹی تاجر اتحاد حکیم شاہ کی قیادت میں تاجر برادری نے عشایئے میں کثیر تعداد میں شرکت کی جس میں سرپرست اعلیٰ خواجہ جمال سیٹھی چیئرمین آل سٹی تاجر اتحاد حکیم شاہ، وائس چیئرمین منصور جیک، شاکر فینسی، عبداللہ شاری، سیف اللہ شیخ، حبیب شیخ، شیخ محمد ارشاد، شیخ خالد نور، کاشف صابرانی، جوائنٹ سیکریٹری طاہر سربازی، ممبر سپریم کونسل عبداللہ بٹرا، فیضان راوت، شعیب فاروقی، اسلم بھٹی، عبدالحق مخلص، برہان معراج الدین، شیخ شبیر کپور، محمد علی بلوچ، بلال احمد و دیگر تاجر رہنما شریک ہوئے، تاجر برادری کی عشایئے کی تقریب سے سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ معاشی ترقی اور استحکام کیلئے تاجر برادری، مذہبی و سیاسی جماعتوں اور صنعتکاروں کو یکجا ہوکر کام کرنا ہوگا، روپے کی قدر کو مستحکم کرنے کیلئے ڈالر کی اُڑان کو روکنا ہوگا، حکومت آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد کرئے اور مذہبی و سیاسی جماعتوں کے ساتھ صنعتکاروں، تاجروں کی شرکت کو یقینی بنائے، ڈالر کی اُڑان نے معیشت کو غیر مستحکم اور بزنس پر منفی اثرات مرتب کئے ہیں، کراچی ملک کا معاشی حب اور ملک کو 70 فیصد ریونیو دیتا ہے، کراچی کے امن کیلئے پاک فوج، رینجرز و پولیس کا کردار مثالی ہے، مگر آج بھی جرائم پیشہ بھتہ خور آخری ہچکیاں لیتے ہوئے تاجروں کو نشانہ بنا رہے ہیں، شہید محمد سلیم قادری جنہیں گذشتہ روز شہید کردیا گیا افسوسناک واقعہ ہے رینجرز و پولیس سے مطالبہ ہے شہید محمد سلیم احمد کے قاتلوں کو گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے، انہوں نے تاجروں کا اپنی رہائشگاہ قادری ہاؤس پر شاندار استقبال کیا، تاجروں کو بھتہ خوری اور جرائم و ٹارگٹ کلنگ کے خلاف اپنے تعاون کی یقین دھانی کرائی، انہوں نے کہا کہ پاکستان سنی تحریک امن پسند محب وطن جماعت ہے تاجر ہماری معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں حکومت انہیں بھرپور تحفظ فراہم کرے، تاجروں کو درپیش چیلنجز کے حل کیلئے حکومت مثبت کردار ادا کرئے، اس موقع پر آل سٹی تاجر اتحاد کے چیئرمین حکیم شاہ نے خطاب کرتے ہوئے سربراہ سنی تحریک کے عشایئے پر تاجروں کو ایک جگہ جمع کرنے کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ تاجر رہنماؤں و تاجر برادری نے کراچی کے امن کیلئے اہم کردار ادا کیا ہے، کراچی کے امن کو سازش کے تحت تباہ کرکے معاشیت کو نقصان پہنچایا جارہا ہے، بھتہ خوری کے ناسور کو ختم کرنے کیلئے حکومت کو سخت اقدامات کرنے ہونگے، انہوں نے کہا کہ تاجربرادری شہر کے امن کیلئے رینجرز و پولیس کے ساتھ ہے، تاجروں کو تحفظ فراہم کیا جائے، شہید سلیم احمد کے قتل کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، ہمیں امید ہے قانون نافذ کرنیوالے ادارے قاتلوں کو گرفتار کرکے شہید سلیم احمد کے لواحقین کو انصاف دلائیں گے، اس موقع پر ملکی سلامتی استحکام اور شہیدوں کی مغفرت کیلئے خصوصی دعا بھی کی گئی۔
![]()