کراچی، (ذیشان حسین) سندھ کے سینئر وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن، صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ اور ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد نے شاہراہِ بھٹو منصوبے کا دورہ کیا اور جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ شاہراہِ بھٹو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت تعمیر کی جا رہی ہے اور 23 مئی کو بلاول بھٹو زرداری اس کا افتتاح کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ منصوبے کی تکمیل سے کراچی میں ٹریفک کا دباؤ کم ہوگا، سفر کا وقت گھٹے گا اور شہریوں کو جدید سفری سہولیات میسر آئیں گی، جبکہ کراچی پورٹ تا قیوم آباد برج منصوبے کی گراؤنڈ بریکنگ بھی اسی موقع پر کی جائے گی۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سندھ حکومت اپنے ترقیاتی وعدے پورے کر رہی ہے اور سندھ کا پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ماڈل ملکی و عالمی سطح پر سراہا جا رہا ہے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ نئی آئینی ترمیم سے متعلق وفاق کی جانب سے سندھ حکومت سے کوئی رابطہ نہیں ہوا، جبکہ ایم کیو ایم کی سیاست اب ختم ہو چکی ہے۔ اس موقع پر سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے وژن کے مطابق کراچی سمیت سندھ بھر میں ترقیاتی کام تیزی سے جاری ہیں اور شاہراہِ بھٹو شہر کے عوام کے لیے ایک اہم تحفہ ثابت ہوگی۔