کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) بیت السلام کے زیر اہتمام اسپورٹس اور اکیڈمک مقابلوں کے تیسرے ایونٹ اولمپیاڈ 2019ء میں علمی اور کھیلوں کے57 مقابلوں کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں بیڈ منٹن جونیئر کے فائنل میں دی سٹی اسکول نے جبکہ فٹبال جوننیر کے چار میچوں میں حب اسکول، البدر ہائیر سکینڈری اسکول، ریفلیکشنز اسکول نے فتح حاصل کرلی۔ علم و ادب میں اسپیلنگ بی جونیئر کے مقابلوں میں بیت السلام تلہ گنگ نے پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔ تفصیلات کے مطابق جمعہ کو تیسرے روز بھی بیت السلام کے زیر اہتمام اولمپیاڈ 2019ء کے دلچسپ مقابلوں کا سلسلہ جاری رہا۔ جس میں طلباء نے دلچسپی کا اظہار کیا۔ اولمپیاڈ 2019 کے مقابلوں کا انعقاد دی انٹیلیکٹ اسکول میں جاری ہے۔ جمعہ کو تقریباََ 57 مقابلے ہوئے جن میں مختلف اسکول کے طلباء نے حصہ لیا۔ تیسرے روز منعقدہ میچوں میں بیڈ منٹن کے سینئر اور جونیئر کے 33 میچ کھیلے گئے جن میں البدر ہائیر سکینڈری اسکول، حرا فاؤنڈیشن، دی حب اسکول کراچی، مدرسۃ الانوار، دی انٹیلیکٹ اسکول اور مختلف اسکولز کے طلباء نے حصہ لیا۔ بیڈ منٹن جونیئر کے فائنل میں دی سٹی اسکول کے نارنجھا نے ڈی ایچ اے سی ایس ایس کریک اسکول کے ارباب انس کو شکست دیکر فتح اپنے نام کرلی جبکہ بیکن ہاؤس اسکول کے ایم ریان تیسرے نمبر پر رہے۔ بیڈ منٹن سینئر کا فائنل ہفتہ کو ہوگا۔ فٹبال کے سینئر اور جونیئر کے 7 میچ کھیلے گئے۔ جن میں فٹبال جونیئر کے مقابلوں میں پہلے میچ میں بیکن ہاؤس پی ای سی ایچ ایس نے 5 صفر سے فتح حاصل کی جبکہ حب اسکول نے بحریہ کالج کو 2-1 سے شکست دی۔ البدر ہائیر اسکینڈری اسکول نے ایچ ایم ایس اسکول کو 3-0 سے ہرا دیا۔ چوتھا میچ ریفلیکشن اسکول اور سینٹ مائیکل اسکول کے درمیان کھیلا گیا جس میں ریفلیکشن اسکول نے دلچسپ مقابلے کے بعد 2-0 سے فتح اپنے نام کر لی۔ فٹبال سینئر کے مقابلوں میں روٹ ملینم 3-0 سے کامیاب رہا۔ بحریہ کالج اور ڈی کے کالج کے درمیان کھیلے جانے والے میچ میں دونوں ہاف میں میچ برا بر ہونے کی وجہ سے میچ ریفری نے دونوں ٹیموں کو 15 منٹ کا وقت دیا اور پھر میچ برابر ہوگیا اور میچ کا فیصلہ پلنٹی پر ہوا اور بحریہ کالج نے میچ جیت لیا۔ اولمپیاڈ 2019 کے تیسرے روز علم و ادب کے 6 مقابلوں میں 71 طلباء نے حصہ لیا۔ جس میں اسپیلنگ بی جونیئر کے مقابلوں میں بیت السلام تلہ گنگ نے پہلی پوزیشن حاصل کرلی جبکہ ہیپی ہوم لینڈ اسکول نے دوسری اور دی انٹیلیکٹ اسکول نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔
![]()