کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) پاکستان پیپلز پارٹی شیخوپورہ (پنجاب) کے رہنما چوہدری منیر قمر واہگہ نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے اگر سندھ حکومت یا پیپلز پارٹی قیادت کے خلاف کسی بھی قسم کی سازش کی تو پورا پنجاب سراپا احتجاج ہوگا اور پی ٹی آئی حکومت کو بہالے جائے گا۔ وہ وزیر اعلی سندھ کے معاون خصوصی وقار مہدی اور راشد ربانی سے ان کے دفتر میں ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے، وزیر اعلی سندھ کے معاون وقار مہدی نے کہا کہ ناکام پی ٹی آئی حکمران عوام اور ملک کے لئے کچھ نہ کرسکے اب وہ عوام کی توجہ ہٹانے کے لئے طرح طرح کے سازشی حربے استعمال کر رہے ہیں جو کامیاب نہیں ہونگے۔ وزیر اعلی سندھ کے معاون خصوصی راشد ربانی نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت صوبوں میں نفاق پیدا کرکے اپنی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کی کوشش کر رہی ہے، وقار مہدی اور راشد ربانی نے کہا کہ سندھ کے عوام پیپلز پارٹی کے پرچم تلے متحد اور ایک جان ہیں بالکل اسی طرح تمام صوبوں کے عوام بھی پیپلز پارٹی قیادت پر یقین رکھتے ہیں، جو پیپلز پارٹی کے قائدین کے خلاف سازش کریں گے وہ حکومت اقتدار میں نہیں رہے گی۔ پی پی پی شیخوپورہ (پنجاب) کے رہنما چوہدری منیر قمر واہگہ نے کہا کہ پنجاب میں پیپلز پارٹی انقلابی انداز میں متحرک ہوئی ہے جو ناکام حکومتی سیاست دان یہ سمجھتے ہیں کہ پیپلز پارٹی پنجاب میں کمزور ہوگئی ہے وہ احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں۔ موجودہ حکومت کا آصف زرداری اور بلاول بھٹو کے خلاف سازش پیپلز پارٹی کو کچلنے کا بھونڈا خواب ہے جس کی تعبیر حکومت کے ایوانوں میں زلزلے کے علاوہ کچھ بھی نہیں، پیپلز پارٹی شیخوپورہ (پنجاب) کے رہنما چوہدری منیر قمر واہگہ نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی حکومت ملک میں بد ترین معاشی، اقتصادی، سیاسی اور دیگر بحرانوں کی زمہ دار ہے۔
![]()