راولپنڈی/ کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین) جنوبی افریقہ نے دوسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے کر دو میچوں کی ٹیسٹ سیریز 1-1 سے برابر کر دی۔ اس سے قبل پاکستان نے لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں پہلا ٹیسٹ 93 رنز سے اپنے نام کیا تھا۔
دونوں ٹیمیں اب تین میچوں پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز میں آمنے سامنے ہوں گی، جس کا پہلا میچ 28 اکتوبر کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں شیڈول ہے۔
میچ کے چوتھے روز پاکستان نے اپنی دوسری اننگز 94 رنز چار کھلاڑی آؤٹ پر دوبارہ شروع کی۔ کپتان بابر اعظم نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 50 رنز کی اننگز کھیلی، جس میں سات چوکے شامل تھے، تاہم وہ سائمن ہارمر کی گیند پر ایل بی ڈبلیو قرار پائے محمد رضوان 18 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے، جس کے بعد پاکستان کی بیٹنگ لائن ایک بار پھر دباؤ کا شکار ہوگئی۔
میزبان ٹیم کے نچلے آرڈر کے بلے باز کوئی خاص مزاحمت نہ کر سکے اور پوری ٹیم 49.3 اوورز میں 138 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ جنوبی افریقہ کے اسپنر سائمن ہارمر نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 20 اوورز میں 50 رنز کے عوض چھ وکٹیں حاصل کیں، جبکہ میچ میں ان کی مجموعی وکٹوں کی تعداد آٹھ رہی۔
68 رنز کے آسان ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقہ نے 12.3 اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کر لیا۔ کپتان ایڈن مرکرم 45 گیندوں پر 42 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ راین ریکلٹن 25 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ پاکستان کی جانب سے نعمان علی نے دونوں وکٹیں حاصل کیں اور سیریز میں مجموعی طور پر 14 وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب بولر رہے۔