کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین/اسٹاف رپورٹر) آل پاکستان نیوز پیپر ایمپلائز کنفیڈریشن (ایپنک) کے مشترکہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ ایپنک کے آئندہ انتخابات برائے 2025-2027 کا انعقاد 16 نومبر 2025ء کو کراچی پریس کلب میں کیا جائے گا۔ اجلاس جنگ پبلی کیشنز ایمپلائز یونین کراچی کے دفتر میں منعقد ہوا، جس میں ملک کی مختلف اخباری یونینز کے نمائندگان نے شرکت کی۔
اجلاس میں متفقہ طور پر حبیب الدین جنیدی کو الیکشن کمیٹی کا سربراہ جبکہ سینئر صحافی امتیاز فاران اور ٹریڈ یونین رہنما لیاقت ساہی کو کمیٹی کے ارکان نامزد کیا گیا۔ شرکاء نے اتفاق رائے سے آئندہ الیکشن شیڈول کی منظوری دیتے ہوئے تمام اخباری اور میڈیا ورکرز تنظیموں سے بھرپور تعاون کی اپیل کی۔
اجلاس میں کراچی یونین آف جرنلسٹس کے صدر طاہر حسن خان، جنرل سیکریٹری سردار لیاقت کاشمیری، سینئر صحافی مظہر عباس اور دیگر رہنماؤں کی ایپنک کے اتحاد کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہا گیا۔ شرکاء نے اسلام آباد میں ایپنک کے نام پر منعقدہ مبینہ جعلی انتخابات کو مسترد کرتے ہوئے وفاقی وزیر عطا تارڑ کی اس تقریب میں شرکت پر افسوس کا اظہار کیا اور حکومت کو متنبہ کیا کہ اگر جعلی نمائندہ تنظیموں کی سرپرستی جاری رہی تو ملک بھر کی سی بی اے یونینز کی جانب سے سخت ردعمل دیا جائے گا۔