کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین/اسپورٹس رپورٹر) ٹیپ بال کونسل آف پاکستان (TCP) سے الحاق شدہ صوبائی یونٹ "ٹیپ بال سندھ” اور اینٹی نارکوٹکس فورس (ANF) سندھ کے درمیان مفاہمت کی یادداشت (MoU) پر دستخط ہوگئے یہ تقریب سول لائینز یوتھ کرکٹ فاؤنڈیشن (SLYCF) کے تعاون سے EPIC ایرینا کراچی میں منعقد ہوئی، جس میں ANF سندھ کے ڈپٹی کمانڈر لیفٹننٹ کرنل شاکراللہ اور ٹیپ بال سندھ کے صدر جاوید جھانگڑا نے معاہدے پر دستخط کیے۔ تقریب میں TCP کے ڈائریکٹر آپریشنز راؤ آصف جبار، ایگزیکیٹو ڈائریکٹرز سلیم خان، عائشہ ارم، اور ANF کے افسران نے خصوصی شرکت کی۔
TCP کے بانی و صدر نقاش جٹ نے اس موقع پر ٹیپ بال سندھ کے چیئرمین امتیاز شیخ، سیکریٹری پرویز شیخ، نائب صدر عائشہ ارم اور پوری کابینہ کو مبارکباد پیش کی ان کا کہنا تھا کہ یہ معاہدہ کھیلوں کے فروغ اور منشیات سے پاک پاکستان کے عزم کی عملی مثال ہے۔ انہوں نے SLYCF اور صدر جاوید جھانگڑا کا تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ "یہ سنگ میل صحت مند، متحد اور مثبت پاکستان کے قیام کی سمت ایک اہم قدم ہے۔”
تقریب کے اختتام پر اس تاریخی موقع کی مناسبت سے خصوصی کیک کاٹا گیا، مہمانوں کو یادگاری سووینیئر پیش کیے گئے جبکہ سیکریٹری جنرل نے تمام معزز مہمانوں کی آمد پر شکریہ ادا کیا مہمانِ خصوصی لیفٹننٹ کرنل شاکراللہ نے ٹیپ بال کونسل آف پاکستان کی خدمات کو سراہتے ہوئے ANF سندھ کے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔