کراچی (رپورٹ، ذیشان حسین) نیشنل انسٹیٹیوٹ آف پبلک ایڈمنسٹریشن (این آئی پی اے) کے چیف انسٹرکٹر جاوید ضیاء کی قیادت میں گریڈ 19 کے سینئر افسران کے وفد نے سندھ اسمبلی کا مطالعاتی دورہ کیا اور اسپیکر سندھ اسمبلی سید اویس قادر شاہ سے ملاقات کی۔ اسپیکر نے وفد کا پرتپاک خیرمقدم کیا اور کہا کہ سندھ اسمبلی ملک کی سب سے قدیم قانون ساز اسمبلی ہے، جس نے قراردادِ پاکستان کی منظوری جیسے تاریخی اعزازات حاصل کیے ہیں۔
اسمبلی سیکریٹریٹ پہنچنے پر سیکریٹری سندھ اسمبلی جی ایم عمر فاروق اور ڈائریکٹر جنرل میڈیا عرفان احمد میمن نے وفد کا استقبال کیا۔ اس موقع پر اسمبلی کے طریقۂ کار، قانون سازی کے مراحل اور ایوان کی کارروائی سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ ڈائریکٹر لیجسلیشن محمد حنیف نے افسران کے سوالات کے جوابات دیے، جب کہ وفد نے اسمبلی کی تاریخی عمارت (اولڈ ہاؤس) کا بھی دورہ کیا۔
چیف انسٹرکٹر جاوید ضیاء نے کہا کہ سندھ اسمبلی کا یہ مطالعاتی دورہ ان کے تربیتی پروگرام کا اہم جزو ہے، جس سے افسران کو پارلیمانی نظام اور قانون سازی کے عمل کو قریب سے سمجھنے کا موقع ملا۔ انہوں نے سندھ اسمبلی سیکریٹریٹ کی شاندار میزبانی پر شکریہ بھی ادا کیا۔
دورے کے اختتام پر اسپیکر سندھ اسمبلی سید اویس قادر شاہ نے مہمان افسران کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام کیا۔ اس موقع پر این آئی پی اے کے چیف انسٹرکٹر جاوید ضیاء نے اسپیکر سندھ اسمبلی کو یادگاری شیلڈ پیش کی، جبکہ سیکریٹری سندھ اسمبلی جی ایم عمر فاروق نے اسمبلی سیکریٹریٹ کی جانب سے مہمان افسران کو یادگاری شیلڈز پیش کیں۔