تازہ ترین
Home / اہم خبریں / سندھ حکومت کا نجی اسکولوں میں 10 فیصد فری شپ ریکارڈ کے آڈٹ کا فیصلہ، ہائی کورٹ سکھر بینچ کے حکم پر عملدرآمد شروع، خلاف ورزی پر اسکولوں کی رجسٹریشن معطل یا منسوخ ہوگی

سندھ حکومت کا نجی اسکولوں میں 10 فیصد فری شپ ریکارڈ کے آڈٹ کا فیصلہ، ہائی کورٹ سکھر بینچ کے حکم پر عملدرآمد شروع، خلاف ورزی پر اسکولوں کی رجسٹریشن معطل یا منسوخ ہوگی

کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین/اسٹاف رپورٹر) محکمہ تعلیم سندھ نے صوبے کے تمام نجی اسکولوں میں 10 فیصد فری شپ کے اجراء سے متعلق ریکارڈ کے مکمل آڈٹ کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ اقدام سندھ ہائی کورٹ سکھر بینچ کے 9 اکتوبر 2025 کو آئینی درخواست نمبر 1592/2025 پر جاری کردہ فیصلے کے بعد کیا گیا، جس میں عدالت نے صوبائی حکومت کو ہدایت دی تھی کہ نجی تعلیمی اداروں میں فری شپ کے قانون پر سختی سے عمل کرایا جائے۔

ڈائریکٹوریٹ آف پرائیویٹ انسٹی ٹیوشنز سندھ کی ایڈیشنل ڈائریکٹر رفعیہ جاوید کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق، وزیر تعلیم سندھ سردار شاہ اور سیکرٹری تعلیم زاہد عباسی نے احکامات جاری کیے ہیں کہ پہلے مرحلے میں سندھ کے چھ ریجنز کے ان اسکولوں کا آڈٹ کیا جائے گا جن کی ایک سے زائد شاخیں ہیں۔ ڈسٹرکٹ کمیٹیاں پندرہ روز میں ان اسکولوں کا دورہ کریں گی اور طلبہ کی کل انرولمنٹ کے مطابق 10 فیصد فری شپ اسکیم کا مکمل آڈٹ کرکے رپورٹ ہائی کورٹ میں جمع کرائیں گی۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ سندھ ہائی کورٹ نے ڈائریکٹوریٹ آف پرائیویٹ انسٹی ٹیوشنز کو 10 نومبر کو مکمل ریکارڈ کے ساتھ طلب کیا ہے۔ وہ اسکول جو 10 فیصد فری شپ قانون پر عمل نہیں کر رہے، ان کی رجسٹریشن منسوخ یا معطل کر دی جائے گی۔ اسی طرح وہ ادارے جنہوں نے رجسٹریشن یا تجدید کی درخواستیں جمع کرائی ہیں لیکن فری شپ اسکیم پر عمل درآمد نہیں کر رہے، ان کی درخواستیں بھی مسترد کر دی جائیں گی۔

محکمہ تعلیم نے واضح کیا ہے کہ آڈٹ کے دوران اگر کوئی اسکول کمیٹیوں سے تعاون نہیں کرتا تو اسے توہین عدالت کا مرتکب سمجھا جائے گا۔ دوسرے مرحلے میں باقی تمام نجی اسکولوں کا بھی آڈٹ کیا جائے گا، اور فری شپ سے متعلق گائیڈ لائنز تمام اداروں کو ارسال کر دی گئی ہیں۔ خلاف ورزی کرنے والے اسکولوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

About Dr.Ghulam Murtaza

یہ بھی پڑھیں

اخباری صنعت کی نمائندہ تنظیم ایپنک کے الیکشن 16 نومبر کو منعقد ہوں گے، حبیب الدین جنیدی چیف الیکشن کمشنر، امتیاز فاران اور لیاقت ساہی ممبران مقرر

کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین/اسٹاف رپورٹر) آل پاکستان نیوز پیپر ایمپلائز کنفیڈریشن (ایپنک) کے مشترکہ اجلاس …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے