کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین/اسپورٹس رپورٹر) 35ویں قومی کھیلوں کے خواتین ہاکی مقابلوں میں تاریخ رقم ہوگئی، جب سندھ نے پہلی مرتبہ مضبوط محکماتی ٹیم پاکستان واپڈا کو ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک ایک گول سے برابر کھیل کر بڑا اپ سیٹ کر دیا۔ قومی ویمن ہاکی کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ کسی صوبائی ٹیم نے واپڈا جیسی مضبوط ٹیم کے خلاف میچ ڈرا کیا۔
ایچ اے اسپورٹس کمپلیکس کراچی میں کھیلے گئے پول میچ میں سندھ کی فارورڈ ماہین نے شاندار گول کے ذریعے اپنی ٹیم کو برتری دلائی۔ سندھ کی گول کیپر شاہزم نسیم نے پینلٹی اسٹروک سمیت متعدد مواقع پر واپڈا کی کوششوں کو ناکام بنایا۔ واپڈا کی جانب سے ہمراہ نے گول اسکور کرکے میچ برابر کیا۔
سندھ کی کپتان اقراء، سندس اور شاہزم نسیم کی بہترین کارکردگی پر سندھ ایسوسی ایشن کے مرتضیٰ وہاب نے کھلاڑیوں کے لیے 50، 50 ہزار روپے کے انعامات کا اعلان کیا، جب کہ رکن قومی اسمبلی اور سندھ ہاکی ویمن ونگ کی صدر شہلا رضا نے سندھ ٹیم کے لیے ایک لاکھ روپے کا انعام دیا۔ کوچ محمد نعیم کی حکمت عملی کو لیجنڈ اولمپین حنیف خان نے بھی بھرپور سراہا۔
میچ دیکھنے والوں میں اولمپین خالد حمید، دانش کلیم (ٹورنامنٹ ڈائریکٹر)، سیکرٹری سندھ ہاکی ایسوسی ایشن اکبر علی قائم خانی، حسیم خان، ذوالفقار حسین، سید حسن عسکری، ڈاکٹر ماجد، امتیاز احمد اور اندرون سندھ سے آئے مختلف ڈسٹرکٹ ہاکی کے عہدیداران بھی شامل تھے۔