سکھر، (اسٹاف رپورٹر) آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی اور سکھر آرٹس کونسل کے اشتراک سے ’’سندھ تھیٹر فیسٹیول 2026، سکھر‘‘ کا شاندار افتتاح کردیا گیا افتتاحی تقریب میں آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کی لوک ورثہ کمیٹی کے چیئرمین ڈاکٹر ایوب شیخ اور میوزک کمیٹی کے چیئرمین امجد حسین شاہ نے بطور مہمان خصوصی فیسٹیول کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر سکھر آرٹس کونسل کے صدر ممتاز بخاری، ادل سومرو، ایاز گل، منظور سومرو، اختر درگاہی، امداد شاہ، شوکت راہی، نور رضوی، نائلہ سمیت فنکاروں، ادیبوں، دانشوروں، ثقافتی شخصیات اور تھیٹر کے شائقین کی بڑی تعداد موجود تھی۔
ڈاکٹر ایوب شیخ نے کہا کہ سندھ کے مختلف شہروں میں تھیٹر فیسٹیولز کا انعقاد خوش آئند ہے، ایسے پروگرام نئی نسل کو اپنی زبان، تہذیب اور ثقافتی ورثے سے جوڑنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ امجد حسین شاہ نے کہا کہ سندھ کی ثقافت، زبان اور فنونِ لطیفہ کے فروغ میں تھیٹر کا کردار انتہائی اہم ہے، فیسٹیولز کے ذریعے نئے فنکاروں، لکھاریوں اور ہدایت کاروں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع ملتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تھیٹر صرف تفریح کا ذریعہ نہیں بلکہ معاشرے، زبان اور ثقافت کی بھرپور عکاسی کرنے والا مؤثر فن ہے۔ فیسٹیول کے پہلے روز سہراب سومرو کی ہدایت کاری اور ایوب گاد کی تحریر کردہ اردو ڈرامہ ’’تو ہی تو‘‘ سید انگر سلیم آڈیٹوریم میں پیش کیا گیا جسے شہریوں کی بڑی تعداد نے دیکھا اور فنکاروں کی شاندار پرفارمنس کو بھرپور داد دی۔ سندھ تھیٹر فیسٹیول 28 ستمبر تک سکھر آرٹس کونسل میں جاری رہے گا، جس کے دوران سندھ کے مختلف فنکاروں کے 10 ڈرامے پیش کیے جائیں گے تمام ڈرامے رات 8 بجے شروع ہوں گے جبکہ عوام اور فیملیز کے لیے داخلہ مفت رکھا گیا ہے۔