کراچی (شوبز رپورٹ) پاکستان کی خوبرو اداکارہ ماہرہ خان سے ایک مداح نے کہا کہ آپ نے چھپ کر شادی کرلی ہے، جس پر اداکارہ نے صاف کہا کہ اگر وہ شادی کریں گی تو سب کو ضرور بتائیں گی، میں نے شادی نہیں کی اور میری تو ابھی منگنی بھی نہیں ہوئی۔ اداکارہ سے ایک اور سوال کیا گیا کہ آپ جتنی رئیس لگتی ہیں اتنی ہیں تو نہیں، جس پر اداکارہ خوب مسکرائیں اور کہا کہ جتنا مجھے لوگ رئیس سمجھتے ہیں میں اتنی رئیس نہیں ہوں، نہ میرے پاس گاڑیوں کی قطاریں ہیں اور نہ ہی میرے پاس جہاز ہیں، میری اس طرح کی زندگی نہیں ہے، لیکن میرے پاس جتنا اور جو کچھ بھی ہے اس پر میں خوش ہوں لیکن ہاں میں نے فلم رئیس میں کام ضرور کیا تھا۔ اداکارہ نے مزید کہا کہ انہیں میک اپ اتنا پسند نہیں لیکن انہیں سرخ رنگ کی لپ اسٹک بہت پسند ہے پر ہاں میں اسکن کیئر پر بہت توجہ دیتی ہوں۔ اداکارہ سے جب پوچھا گیا کہ آپ ’برگر‘ ہیں جس پرماہرہ نے کہا کہ اصل میں بہت دیسی ہوں لیکن کہہ سکتے ہیں کہ میں آدھا برگر اور آدھا بن کباب ہوں۔ اداکارہ سے جب یہ پوچھا گیا کہ وہ ٹام کروز کے ساتھ فلم سائن کرچکی ہیں جس پر اداکارہ نے معنی خیز انداز میں کہا کہ میں نے یہ بات بہت چھپانے کی کوشش کی لیکن معلوم نہیں یہ کیسے لیک ہوگئی شاید یہ ٹام کروز کی ٹیم نے لیک کی ہوگی۔ اداکارہ نے کہا کہ اپنے پراجیکٹس میں انہیں ’ہیپی اینڈنگ‘ کے بجائے ’ٹریجڈی اینڈنگ‘ بہت پسند ہے۔ ہمایوں سعید سے متعلق ماہرہ نے کہا کہ وہ بہترین کو اسٹار ہے، ان کے ساتھ کام کرنا بے حد پسند ہے۔