کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے چیف آرگنائزر اقبال ہاشمی نے کہا ہے کہ لاک ڈاؤن کی آڑ میں پولیس گردی عروج پر ہے، پولیس کی عیدی بھتہ وصولی مہم کورونا سے زیاد ہ خطرناک ہے۔ شہریوں کی گرفتاریوں اور رشوت خوری کا دھندہ جاری ہے۔ عوام اور چھوٹے تاجروں کی گرفتاریوں اور سامان ضبط کرنے کو پولیس نے عیدی بھتہ وصولی مہم بنا دیا۔ لاک ڈاؤن کے نفاذ کے بعد 3 ہزار سے زائد مقدمات اور 5 ہزار سے زائد گرفتاریاں ہوئیں، یہ وہ لوگ تھے جو رشوت نہ دے سکے اب عدالتوں کے چکر کاٹنے پر مجبور ہیں۔ صدر، بولٹن مارکیٹ، حیدری اور کلفٹن سمیت کراچی کی تمام بڑی مارکیٹیں بند ہیں، تاجر لاک ڈاؤن کی مکمل پاسداری کر رہے ہیں لیکن گلی محلوں میں چھوٹے چھوٹے دوکاندار، ٹھیے، پتھارے اور ریڑھی والے اپنے خاندان کی کفالت کرنے کے لئے جگہ جگہ کام کرنے پر مجبور ہیں۔ ان کا سامان ضبط کرنا، رشوت وصولی اور گرفتار کرنے کے بعد رقم بٹور کر آزاد کرنے کے واقعات پولیس کی چاندی بن گئے ہیں۔ حکمران وباء کے ساتھ ساتھ پولیس گردی پر بھی توجہ دے کر رشوت خوری کو لگا م دیں۔ پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی وزیر اعلی سندھ سے اپیل کرتی ہے کہ لاک ڈاؤن میں گرفتار کئے گئے تمام افراد کو رہا اور ان کے مقدمات کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ختم کیا جائے۔ کراچی کے تاجر و صنعتکار اور عوام کرپشن کے وائرس، پیچیدہ مسائل کے حل اور کراچی کو چارٹر سٹی کا آئینی تحفظ دینے کے لئے پاسبان کا ساتھ دیں۔ عوام کو بے لوث، ایماندار اور باصلاحیت افراد پر مشتمل چارٹر سٹی حکومت کی ضرورت ہے اور پاسبان اس ضرورت کو پورا کرنے کیلئے میدان عمل میں ہے۔ پاسبان پریس انفارمیشن سیل سے جاری کردہ بیان میں پاسبان کے چیف آرگنائزر اقبال ہاشمی نے لاک ڈاؤن میں غریب عوام پر پولیس کے ظلم اور گرفتاریوں کے خلاف رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے مزید کہا کہ لاک ڈاؤن پر عملدرآمد کے لئے بڑی تعداد میں پولیس تشدد، مرغا بنا کر انسانی تذلیل اور رشوت وصولی کے واقعات رونما ہوئے جس سے پولیس کے عمومی کردار کا تعین کیا جا سکتا ہے۔ کورونا وائرس کی ویکسین تو دریافت ہو ہی جائے گی، پولیس میں اصلاحات کی ویکسین کب تیار ہوگی، کون اس کا علاج کرے گا؟ عوام کے ساتھ ناانصافی کے اگر چند واقعات کی شکایت افسران بالا کو مل ہی جائے تو محکمہ پولیس میں انضباطی کاروائی معطلی سے آگے نہیں بڑھتی جبکہ پولیس کا ظلم اور کرپشن مزید بڑھتا ہی جا رہا ہے۔ اقبال ہاشمی نے مزید کہا کہ عوام کے مسائل کا حل صاف ستھری سیاسی لیڈر شپ میں ہے جو پاسبان تیار کر رہی ہے اور اقتدار میں آکر پولیس سمیت ہر ادارے سے کرپشن کو ختم کر دے گی۔ پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی وزیر اعلی سندھ سے اپیل کرتی ہے کہ لاک ڈاؤن میں گرفتار کئے گئے تمام افراد کو رہا اور ان کے مقدمات کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ختم کیا جائے۔
![]()
یہ بھی پڑھیں، نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں: ایس ایس پی ضلع میرپورخاص کی ہدایات پر ایس ایچ او محمود آباد کی ممتاز کالونی میں جواریوں کے خلاف کاروائی چھ جواری گرفتار
https://www.nopnewstv.com/action-against-gamblers-in/