کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین الطاف شکور نے کہا ہے کہ پی ایس ایل میچوں سے قبل ہی اسٹیڈیم کے اطراف کی اہم اور مصروف سڑکوں اور پُلوں کی بندش عدالت کے احکامات کی صریح خلاف ورزی ہے۔ ڈی آئی جی ٹریفک پولیس نے عدالت میں واضح کمنٹس جمع کرائے تھے کہ سڑکوں کی بندش کے خلاف پاسبان کا موقف درست ہے اور میچوں کے دوران سڑکیں بند کرنے کے بجائے کوئی متبادل حل نکالا جائے گا۔ لیکن میچوں کے آغاز سے قبل ہی ایک بار پھر سڑکیں بند کرنے کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے۔ عدالت عالیہ سندھ حکومت کی جانب سے جواب داخل کرنے میں مجرمانہ تاخیر، غفلت اور عوام دشمنی کا فوری نوٹس لے۔ ڈی آئی جی ٹریفک پولیس بھی عدالت میں کئے گئے پاسبان کے موقف کے اعتراف اور جلد متبادل حل کے وعدے کی پاسداری کریں۔ کیا آنے والے بیس دنوں میں میچوں کے دوران عوام کو ایک بار پھر ان کے گھروں میں محصور کر کے یرغمال بنا دیا جائے گا؟ سڑکیں جام ہونے سے پیدا ہونے والی مشکلات عذاب جان ہوجائیں گی؟ اور مریض اسپتالوں تک پہنچنے سے پہلے ہی جان کی بازی ہار جائیں گے؟ پاسبان پریس انفامیشن سیل سے جاری کردہ بیان میں پاسبان کے چیئرمین الطاف شکور نے مزید کہا کہ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ہونے والے بین الاقوامی میچوں کی وجہ سے اطراف کی تمام سڑکوں اور گلیوں کو بند کر کے، گذرنے والے ٹریفک کو روک دیا جاتا ہے جو کہ شہریوں کے بنیادی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ اس بندش کی وجہ سے کراچی کی پوری ٹریفک، شہری، طلبہ اور مریض بری طرح متاثر ہوتے ہیں۔ نیشنل اسٹیڈیم میں ہونے والے بین الاقوامی میچوں کی خاطر مصروف سڑکوں کو روکنا انتظامیہ کی مکمل ناکامی کو ظاہر کرتا ہے۔ پاسبان کے چیئرمین الطاف شکور نے ایک مرتبہ پھر حکومت اور انتظامیہ کو فوری اس جانب توجہ دے کر کراچی کے عوام کو درپیش مشکلات حل کرنے کی اپیل کی ہے۔