کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں واقع پویلین اینڈ کلب کے باہر کلب کے سینکڑوں ممبران اور بارہ سو سے زائد عملے کے اراکین نے احتجاجی مظاہرہ کیا، مظاہرے میں سول سوسائٹی سمیت فنکار برادری بھی شریک تھی مظاہرہ سپریم کورٹ کے پویلین اینڈ کلب کو منہدم کرنے کے احکامات کے خلاف کیا گیا، اس موقع پر انتظامیہ کی جانب سے مظاہرین کے پر امن مظاہرے پر لاٹھی چارج کیا گیا جس کے نتیجے میں کئی مظاہرین زخمی ہوگئے، اپنا احتجاج ریکارڈ کرواتے ہوئے مظاہرے میں شریک اداکارہ ثروت گیلانی نے کہا کہ پاکستان میں کوئی ایسا کلب یا تفریح پارک موجود نہیں جو صرف یومیہ پچاس روپے کے حساب سے اپنے ممبران کو بین الاقوامی سطع کی تفریح سرگرمیاں مہیا کر رہا ہے، پویلین اینڈ کلب مڈل کلاس اور لوئر مڈل کلاس سب کو یکساں طور پر سستی تفریح فراہم کر رہا ہے، لیکن ہم سے ہمارا یہ حق چھینا جارہا ہے، ہمیں ڈرایا جارہا ہے، اُنہوں نے کہا کہ چیف جسٹس آف پاکستان سے سوال ہے کہ ہمیں اس سستی تفریح سے محروم کیوں کیا جا رہا ہے؟ واضع رہے کہ پویلین اینڈ کلب گزشتہ 25 برس سے عوام کو سستی تفریح فراہم کر رہا ہے جہاں سے سالانہ 3 بلین سے زائد افراد استفادہ کرتے ہیں۔ پویلین اینڈ کلب میں اس وقت بارہ سو سے زائد افراد کا روزگار وابستہ ہے۔ سپریم کورٹ کے احکامات کے بعد ان تمام افراد کا روزگار داو پر لگ گیا ہے۔