کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) پاکستان اسکریبل ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام کراچی کے مقامی ہوٹل میں ایک روزہ گوشپی اواری لیڈیز اسکریبل چیمپیئن شپ منعقد کی گئی۔ اپنی طرز کی پہلی چیمپیئن شپ کی خاص بات یہ تھی کہ اس میں آرگنائزرز بھی خواتین تھیں اور کھیلنے والی بھی خواتین۔ چیمپیئن شپ میں 7 سال سے 80 سال تک کی عمر کی 54 پلیئرز نے حصہ لیا۔ ایونٹ کے دوران دو کٹیگریز میں مقابلے ہوئے، اوپن کٹیگری میں انٹرنیشنل کھلاڑی نور شوکت نے تمام 7 گیمز جیت کر 415 کے اسپریڈ اسکور کے ساتھ ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔ ویٹرن شبانہ حبیب دوسرے اور مریم پردیسی تیسرے نمبر پر رہیں۔
یوتھ کٹیگری کا ٹائٹل ہاورا فاطمہ نے جیتا۔ ہاورا نے 7 میں سے چھ گیمز جیتے، ان کا اسپریڈ اسکور 1381 رہا۔ منہما مکرم نے دوسری اور گیارہ سالہ منال اشعر نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ ٹورنامنٹ ڈائریکٹر ایمان طارق تھیں۔ 1982 کے ایشین گیمز کی گولڈ میڈلسٹ اور پاکستان اسکریبل ایسوسی ایشن کی چیف پیٹرن گوشپی اواری نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔ انہوں نے چیمپیئن شپ کو سالانہ کیلینڈر میں شامل کرنے کا اعلان کیا۔