![]()
کمالیہ (ڈاکٹر غلام مرتضیٰ۔ ویب ایڈیٹر نیوز آف پاکستان) احساس انسانیت ہی تمام مذاہب کا بنیادی خاصہ ہے۔ سیرت مبارکہ سے ہمیں احترام انسانیت، صبر و تحمل اور امن و محبت کا درس ملتا ہے۔ آپ کا اسوہ حسنہ رہتی دنیا تک تمام انسانیت کے لئے برابری، مساوات، برداشت، صبرو رضا اور بالخصوص معاشرے کے محروم طبقات سے محبت اور ہمدردی کا بہترین نمونہ ہے۔ آپ نے اپنے کردار سے غریبوں، یتیموں، مسکینوں اور کم وسائل والوں سے حسن سلوک اور دلجوئی سے انصاف کا عملی مظاہرہ کیا ہے۔ وہ مشعل راہ بن کر پوری انسانیت کی رہنمائی کرتا رہے گا۔ ان خیالات کا اظہار چوہدری آرٹس سوسائٹی اینڈ کلچرل ونگ کے صدر ایم افضل چوہدری نے ہفتہ شان رحمت اللعالمین کے سلسلہ میں کیک کاٹنے کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وقت کا تقاضہ ہے کہ دامن مصطفیٰ کو مضبوطی سے تھاما جائے اور ناموس رسالت کے تحفظ کے لئے ہر مسلمان کو اپنا کلیدی کردار ادا کرنا چاہئیے۔ یاد رہے مسلمانوں کے لئے اپنے محبوب پیغمبر سے بڑھ کر کچھ بھی نہیں۔ آپ کی ذات با برکت ہمارے لئے جان و مال، عزت و آبرو اور ہر چیز سے زیادہ عزیز ہے۔ سوسائٹی کے جنرل سیکریٹری رانامدثر اور دیگر ارکان نے اپنے مشترکہ خطاب میں کہا کہ فرانس کے صدر اور عوام کی جانب سے ہماری آقا کی شان میں گستاخی کسی بھی صورت میں قبول نہیں کی جائے گی۔ عالمی برادری کو چاہئیے وہ اس قسم کے ناقابل برداشت عمل کا فوری نوٹس لیں۔ اقوام متحدہ فرانس کے خلاف فوری کاروائی عمل میں لائے۔ یاد رہے کہ گستاخانہ خاکے بنانے والے خاک میں نیست و نابود ہو جائیں گے۔ ہفتہ شان رسالت منانے کا مقصد نوجوان نسل کو آقا کریم ﷺ اسوۃ حسنہ پر چلنے اوراپنے اخلاق کو سنوارنے کے لئے تیار کرنا ہے۔ آج ہمیں بعثت رسالت کے حقیقی مقاصد پر غور کر کے عمل کی راہیں متعین کرنا ہو ں گی۔ اور دوسری طرف پوری دنیا کو واضح پیغام دینا ہے کہ امت کے ہر فرد آپؐ کی شان اقدس کا تحفظ کرنا اولین فرض ہے اور آج ہمیں یہ بھی غور کرنا ہوگا کہ ہم نے اپنے ملک کو اسی معاشرے کا نمونہ بنا دیا ہے جو اسلام کا مطلوب و مقصود ہے۔