تازہ ترین
Home / اہم خبریں / محمد وسیم جونیئرکا ایچ بی ایل پی ایس ایل 6 میں نمایاں کارکردگی کا عزم

محمد وسیم جونیئرکا ایچ بی ایل پی ایس ایل 6 میں نمایاں کارکردگی کا عزم

کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) آل راؤنڈ صلاحیتوں کے مالک اسلام آباد یونائیٹڈ کے ایمرجنگ کرکٹر محمد وسیم جونیئر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 6 میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنا چاہتے ہیں، ان کا اصل ہدف پاکستان کا بہترین آل راؤنڈر بننا ہے۔ شمالی وزیرستان سے تعلق رکھنے والے آل راؤنڈر محمد وسیم جونیئر نےایچ بی ایل پی ایس ایل 6 میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی سے قبل بہت محنت کی۔ انہوں نے 2011 میں ٹیپ بال کرکٹ کا آغاز کیا اور پھر ہارڈ بال کرکٹ کھیلنے کے لیے پشاور منتقل ہوگئے۔ محمد وسیم کا کہنا ہے کہ ان کے آبائی علاقے، وزیرستان میں کھیل کے مواقع نہ ہونے کے برابر ہیں اور شروع میں تو ان کے والد بھی ان کے کرکٹ کھیلنے پر خوش نہیں تھے مگر پھر چچا کی رہنمائی اور قریبی دوستوں کے تعاون نے انہیں آگے بڑھنے میں بہت مدد کی۔ نوجوان آل راؤنڈر جنوبی افریقہ میں کھیلے گئے آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ 2020 میں پاکستان کی نمائندگی کا اعزاز حاصل کرچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ سال ایونٹ میں شرکت ایک یادگار تجربہ تھا اور وہ ٹورنامنٹ میں پاکستان انڈ 19 کرکٹ ٹیم کی نمائندگی پر فخر محسوس کرتے ہیں۔ گذشتہ سال کھیلے گئے اس ایونٹ میں محمد وسیم جونیئر نے اسکاٹ لینڈ کے خلاف بہترین کارکردگی پیش کرتے ہوئے پانچ وکٹیں حاصل کی تھیں۔ پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم نے ٹورنامنٹ میں تیسری پوزیشن حاصل کی تھی۔ آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ 2020 کے سیمی فائنل میں بھارت سے شکست پر اپنی مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے نوجوان کرکٹر نے کہا کہ اس میچ میں ناکامی نے سب کو افسردہ کردیا تھا مگر اب وقت آگے بڑھ چکا ہے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کے اسکواڈ میں شمولیت پر مسرور نوجوان آل راؤنڈر کا کہنا ہے کہ اسلام آباد یونائیٹڈ ایک بہترین فرنچائز ہے کہ جہاں ہمیں حسن علی اور کپتان شاداب خان جیسے ٹی ٹونٹی کرکٹ کے تجربہ کار کھلاڑیوں کا ساتھ میسر ہیں اور یہاں سب کھلاڑی ایک دوسرے کی مکمل رہنمائی کرتے ہیں۔ ایچ بی ایل پی ایس ایل کے چھٹے ایڈیشن میں محمد وسیم کا آغاز شاندار رہا انہوں نےایونٹ میں اپنے پہلے میچ میں ملتان سلطانز کے خلاف 4 اوورز میں 29 رنز کے عوض تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ اس میچ میں انہوں نے مڈل آرڈر بیٹسمین صہیب مقصود، ان فارم بیٹسمین محمد رضوان اور ٹی ٹونٹی اسپیشلسٹ شاہد آفریدی کو آؤٹ کیا۔ انہوں نے ایک ہی اوور میں محمد رضوان اور شاہد آفریدی کو پویلین کی راہ دکھائی۔ نوجوان آل راؤنڈر نے شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اور نسیم شاہ کی روایت کے برعکس بوم بوم آفریدی کو آؤٹ کرنے کا جشن منایا مگر انہوں نے اسے فطری ردعمل قرار دیا ہے۔ ایچ بی ایل پی ایس ایل میں شامل تمام ایمرجنگ کرکٹرز کی طرح محمد وسیم جونیئر بھی پاکستان کی نمائندگی کا اعزاز حاصل کرنا چاہتے ہیں۔

About admin

یہ بھی پڑھیں

کمالیہ شہر کے اندر پبلک ٹرانسپورٹ کی بندش کو ختم کیا جائے

    ملازمین نے ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ کے نام تحریری درخواست دے دی …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے