نوشہرو فیروز (رپورٹ: محمد علی ملک) رکن قومی اسمبلی اور چیئرمین سوشل ویلفیئر کمیٹی نوشہرو فیروز سید ابرار علی شاہ نے پی پی ایل اور او جی ڈی سی ایل کی جانب سے فراہم کردہ رقم سے چار ایمبولنسر اور دو میڈیکل ڈسپنسریوں کا افتتاح کیا۔ انہوں نے گاؤں غوث بخش لھرانی اور گاؤں جان محمد راجپر میں پی پی ایل اور او جی ڈی سی ایل کی جانب سے ضلع کی ترقی کے لئے فراہم کئے گئے سوشل ویلفیئر فنڈز سے تعمیر ہونے والی ڈسپنسریوں کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محمد تاشفین عالم، ڈی ایچ او ڈاکٹر سکندر علی عباسی، پی پی رہنما سید حسن علی شاہ، سید امیر علی شاہ اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔ رکن قومی اسمبلی نے کہا کہ سوشل سیکورٹی فنڈز سے تعمیر ہونے والی ترقیاتی اسکیموں سے ضلع کے دور دراز علاقوں میں پینے کے صاف پانی، ڈسپینسریوں اور ایمبولینس کی سہولیات فراہم کے کرنے سے ان علاقوں کی عوام کا معیار زندگی بہتر ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ اعلیٰ عدلیہ کی جانب سے دی گئی ہدایات کی روشنی میں اسکیمیں مکمل کی گئی ہیں اور ہماری یہ کوشش ہے کہ ضلع میں مزید ترقیاتی اسکیمیں فراہم کی جاسکیں۔ انہوں نے کہا کہ دیہات کے شدید ضرورت کے علاقوں میں ڈسپنسریاں اور ایمبولینس فراہم کی گئی ہیں اور ہماری کوشش ہے کہ عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جاسکیں۔ انہوں نے ڈی ایچ او کو ہدایت کی کہ ضلع کی تمام سرکاری اسپتالوں میں ڈاکٹر پیرا میڈیکل عملہ اور ادویات فراہم کی جائیں تاکہ عوام کو صحت کی بہترین سہولیات میسر ہو سکیں۔ اس سے قبل ڈی ایچ او آفس میں منعقدہ تقریب میں بیسک ہیلتھ یونٹ ہالانی، بی ایچ یو خانواہن کے لئے ایک ایک جبکہ تعلقہ بھریا کے لئے دو میڈیکل ایمبولینس متعقلہ ایم ایس اور ڈی ایچ او کے حوالے کیں۔