چترال (رپورٹ: گل حماد فاروقی) چترال میں ماروی اڈہ کا افتتاح ہوا اس موقع پر ڈپٹی کمشنر چترال مہمان خصوصی تھے جنہوں نے فیتہ کاٹ کر ماروی بس سٹینڈ کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر ایک مختصر مگر بارونق تقریب بھی منعقد ہوئی۔ تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے ضلعی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ایک معیاری اور ایسے اڈہ کا افتتاح کیا جہاں مسافروں کے ساتھ ساتھ سیاحوں کیلئے بھی ہر قسم کی سہولیات میسر ہوگی۔ اس اڈہ میں خواتین کیلئے علیحدہ انتظارہ گاہ، واش روم اور مسافروں کیلئے نماز کی سہولت بھی میسر ہونگی۔
ڈپٹی کمشنر چترال نے شرکاء سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ چترال میں معیاری اڈہ کی شدید ضرورت محسوس ہوتی تھی اور ہماری کوشش ہوگی کہ جگہ جگہ چھوٹے چھوٹے و غیر قانونی اڈوں کو ختم کرکے تمام گاڑیاں ایک ہی اڈہ سے جائیں جہاں مسافروں کو تمام تر سہولیات میسر ہوں۔ انہوں نے ماروی اڈہ کے منیجنگ ڈائیریکٹر سے بھی درخواست کی کہ وہ طلباء اور معزور افراد کیلئے اپنے گاڑیوں میں خصوصی رعایت رکھیں تاکہ ان کو رعایتی نرح پر ٹکٹ ملے اور وہ کم پیسوں پر سفر کرسکیں۔
تقریب سے خطیب شاہی مسجد مولانا خلیق الزمان، منیر کاکی جان، حاجی محمد سلطان اور دیگر نے بھی اظہار خیال کیا۔ مولانا خلیق الزمان نے کہا کہ کوئی بھی کاروبار جو عوام کو فائدہ پہنچاتا ہے وہ بھی عبادت کے زمرے میں آتا ہے اور اس پر اجر ملے گا۔ انہوں نے بھی اڈہ مالکان پر زور دیا کہ وہ کوشش کریں کہ مسافروں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کریں اور ان کے ساتھ ٹکٹ یعنی کرایہ میں بھی رعایت کریں تاکہ اس اڈہ سے لوگ مناسب کرایہ پر سفر کرسکیں۔
ہمارے نمائندے سے بات کرتے ہوئے منیجر وحید نے کہا کہ ہم نے زیادہ تر نئی گاڑیاں لائی ہیں جن میں ٹی وی کے علاوہ ٹھنڈا پانی کیلئے فریزر، ائیر کنڈیشنڈ اور دیگر سہولیات میسر ہونگی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جن خواتین کے ساتھ کوئی مرد نہیں ہوتا تو دیگر اڈوں والے ان سے دگنا کرایہ اس لئے وصول کرتے ہیں کیونکہ ان کے ساتھ کسی مرد کو نہیں بٹھایا جاسکتا مگر ہم ایسا نہیں کریں گے ہم ایسی خواتین کو ایک ہی سیٹ کے کرائے پر منزل مقصود تک پہنچائیں گے اور خالی سیٹ کا نقصان ہم خود برداشت کریں گے۔
ماروی اڈہ کے مالک اور منیجنگ ڈائریکٹر حاجی گل محمد نے اس موقع پر اعلان کیا کہ اس اڈہ میں تین سال تک کسی گاڑی، ڈرائیور سے اڈہ کا ٹیکس وصول نہیں کیا جائے گا کیونکہ ٹرانسپورٹر حضرات کچھ تو کورونا وائرس کی وجہ سے اور کچھ آئے روز مہنگائی کی وجہ سے بری طرح متاثر ہوئے ہیں ہم چاہتے ہیں کہ مصیبت کے اس گھڑی میں ان کو ریلیف دیں۔ تقریب کے احتتام پر شرکاء کو ظہرانہ بھی دیا گیا۔ یہ تقریب مولانا خلیق الزمان کے دعائیہ کلمات کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی جس میں کثیر تعداد میں لوگوں نے شرکت کی جن میں بڑی تعداد سول افسران، پولیس افسران، چترال لیویز، صدر تاجر یونین، ٹرانسپورٹ یونین کے عہد داران اور سول سوسائیٹی کے اراکین بھی شامل تھے۔