کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے ایچ بی ایل پی ایس ایل کے گیارہویں میچ میں لاہور قلندرز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد دفاعی چیمپئن کراچی کنگز کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔ لاہور قلندرز نے 187 رنز کا مطلوبہ ہدف 4 گیندیں قبل 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ لاہور قلندرز کو جیت کے لیے آخری 2 اوورز میں 30 رنز درکار تھے کہ ڈیوڈے ویزے اور بین ڈنک نے محمد عامر کو اننگز کے انیسویں اوور میں 1 چھکا اور 3 چوکے لگا کر میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔ میچ کے آخری اوور میں لاہور قلندرز کو جیت کے لیے 10 رنز درکار تھے۔ ڈیوڈ ویزے نے ڈین کرسچن کو اوور کی پہلی دو گیندوں پر دو باؤنڈریز لگا کر میچ ختم کردیا۔ لاہور قلندرز کے فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں لاہور قلندرز کی اننگز کا آغاز زیادہ اچھا نہ تھا، اننگز کے پہلے اوور میں ہی لاہور قلندرز کے دو کھلاڑی بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوکر پویلین واپس لوٹ چکے تھے۔ کپتان سہیل اختر رن آؤٹ ہوئے جبکہ جوڈینلی کو محمد عامر نے کلین بولڈ کیا۔ لاہور کے تیسرے آؤٹ ہونے والے بیٹسمین محمد حفیظ تھے وہ وقاص مقصود کی گیند پر 15 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ محض 33 کے مجموعی اسکور پر 3 وکٹیں گنوانے کے بعد لاہور قلندرز کے اوپنر فخر زمان اور اوورسیز کرکٹر بین ڈنک نے پر اعتماد بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔ دونوں کھلاڑیوں نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے 119 رنز کی شاندار شراکت قائم کی۔ اوپنر فخر زمان 54 گیندوں پر 8 چوکوں اور 4 چھکوں کی بدولت 83 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ یہ ان کی ایچ بی ایل پی ایس ایل میں نویں نصف سنچری تھی۔ وہ ڈین کرسچن کی گیند پر بابر اعظم کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ پانچویں نمبر پر بیٹنگ کے لیے میدان میں اترنے والے ڈیوڈ ویزے نے کریز سنبھالتے ہی جارحانہ انداز اپنایا اور محض 9 گیندوں پر 31 رنز کی برق رفتار اننگز کھیل کر لاہور قلندرز کو فتح دلا دی۔ وہ تین چوکے اور تین چھکے لگا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ اس سے قبل لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر نے ٹاس جیت کر کراچی کنگز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو میزبان ٹیم کو پہلا نقصان اُس وقت اُٹھانا پڑا جب میچ کے تیسرے اوور کی پانچویں گیند پر بابر اعظم صرف پانچ رنز بنا کر شاہین آفریدی کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔ لاہور قلندر نے مجموعی طور پر میچ میں ناقص فیلڈنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے کئی یقینی کیچز چھوڑے تاہم پانچویں اوور میں حارث رؤف نے ایک تھرو سیدھی وکٹ پر مار کر ایک شاندار رن آؤٹ کیا اور اگلی ہی گیند پرفاسٹ باؤلر احمد دانیال نے کولن انگرم کو کھاتہ کھولے بغیرہی پویلین واپس پہنچا دیا۔ 37 کے مجموعی اسکور کراچی کنگز کی 3 وکٹیں گر چکی تھیں۔ اس موقع پر افغانستان کے آل راؤنڈر محمد نبی میدان میں آئے اور اوپنر شرجیل خان کے ہمراہ ذمہ دارانہ اور دھواں دھار بیٹنگ کاسلسلہ شروع کیا۔ دونوں بلے بازوں نے چوتھی وکٹ کے لیے 76 رنز کی عمدہ شراکت قائم کی۔ اس دوران شرجیل خان نے اپنی نصف سنچری مکمل کی۔ ان کی اننگز میں پانچ چوکے اور چھ چھکے شامل تھے۔ وہ 64 کےانفرادی اسکور پر ڈیوڈ ویزے کا شکار بنے۔ دوسری طرف سمت پٹیل کے ایک اوور میں 2 چھکے اور ایک چوکا لگانے والے محمد نبی نے 35 گیندوں پر 57 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی۔ چار چوکوں اور تین چھکوں پر مشتمل ان کی اننگز کا خاتمہ حارث رؤف نے کیا۔ ڈین کرسچن کے 27 اور وقاص مقصود کے 12 رنز کی بدولت کراچی کنگز نے مقررہ بیس اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 186 رنز بنائے۔ کپتان عماد وسیم اور محمد عامر بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ ہوئے۔ محمد الیاس چار اور ارشد اقبال بغیر کوئی رن بنائے کریز پر موجود رہے۔ شاہین شاہ آفریدی نے 27 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ احمد دانیال، سمت پاٹیل، ڈیوڈ ویزے اور حارث رؤف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔