کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے سیکریٹری حیدر حسین نے کلب رجسٹریشن کا عمل شروع کرنے کا اعلان کر دیا۔ کے ایچ اے کے اعلامیہ کے مطابق رجسٹریشن کے عمل کا آغاز رواں ماہ کے آخر سے ہوگا۔ کراچی کے تمام ہاکی کلبز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 14 اور 15 جولائی کو کے ایچ اے اسپورٹس کمپلیکس گلشن اقبال سے رجسٹریشن فارم حاصل کرکے 25 جولائی تک بھرے ہوئے فارم کے ایچ اے میں ہی جمع کرا دیں، اس مقصد کے لئے کے ایچ اے کے سینئر نائب صدر ڈاکٹر ایس اے ماجد اور جوائنٹ سیکریٹری جاوید اقبال کو نگراں نامزد کیا گیا ہے۔ اعلامیہ کے مطابق نئے اور پرانے کلبز کے لئے رجسٹریشن کا عمل اوپن رکھا گیا ہے، مستقبل میں صرف رجسٹرڈ کلبز کو ہی ہاکی کی سرگرمیوں میں حصہ لینے کی اجازت ہوگی، حیدر حسین کے مطابق کلبز رجسٹریشن کا یہ مرحلہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ڈومیسٹک ہاکی ڈویلپمنٹ وژن کے تحت ہے جسے کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے سرپرست اعلی میجر جنرل طارق حلیم سوری کی ہدایات پر شروع کیا جارہا ہے، طارق سوری نے تمام کلبوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ رجسٹریشن کے اس عمل سے بھر پور فائدہ اٹھائیں تاکہ کراچی میں ہاکی کو مزید فروغ دیا جاسکے، کلبز کے تمام سیکرٹریز سے کہا گیا ہے کہ وہ مذکورہ بالا تاریخوں پر سینئر نائب صدر ڈاکٹر ایس اے ماجد اور سینئر جوائنٹ سیکرٹری جاوید اقبال سے رابطہ کریں۔