کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین) سیکریٹری کالجز ایجوکیشن سندھ ندیم میمن کی زیرِ صدارت تدریسی و غیر تدریسی عملے کی بائیومیٹرک حاضری اور ملازمین کی نگرانی سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا اجلاس میں بائیومیٹرک حاضری کے نظام کو مکمل طور پر فعال شفاف اور مؤثر بنانے پر تفصیلی غور کیا گیا۔
سیکریٹری کالجز نے تمام ملازمین کی بائیومیٹرک حاضری ہر صورت یقینی بنانے اور نظام میں موجود تکنیکی و انتظامی رکاوٹیں فوری طور پر دور کرنے کی ہدایت کی اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ صوبے بھر کے سرکاری کالجوں میں 8 ہزار 976 تدریسی جبکہ 5 ہزار 874 غیر تدریسی ملازمین خدمات انجام دے رہے ہیں میرپورخاص اور سکھر ریجن کے ڈائریکٹرز نے سیکریٹری کالجز کو آگاہ کیا کہ بعض اساتذہ مسلسل غیر حاضر اور مفرور ہیں۔
ندیم میمن نے غیر حاضر ملازمین کو فوری شوکاز نوٹس جاری کرنے اور عادی غیر حاضر اساتذہ و ملازمین کے خلاف سروس رولز کے مطابق سخت محکمانہ کارروائی کی ہدایت جاری کی انہوں نے یہ بھی حکم دیا کہ تمام افسران اور ملازمین رخصت یا ایکس پاکستان لیو مکمل ہونے کے فوراً بعد کالج ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ میں رپورٹ کریں۔
۔