کراچی، (اسپورٹس رپورٹر) پاکستان کی اوور 60 کرکٹ ٹیم اوور 60 کرکٹ ورلڈ کپ 2026 میں شرکت کے لیے کینیڈا روانہ ہوگئی جہاں یہ ٹورنامنٹ 9 سے 23 اگست تک مسی ساگا میں کھیلا جائے گا ایونٹ میں پاکستان سمیت 14 ٹیمیں شریک ہوں گی جن میں آسٹریلیا، بھارت، انگلینڈ، جنوبی افریقہ، نیوزی لینڈ، سری لنکا، ویسٹ انڈیز، امریکہ، زمبابوے، کینیڈا، ویلز، سکاٹ لینڈ اور آئی ایم سی ایمرجنگ الیون شامل ہیں پاکستان ٹیم کی روانگی سے قبل کراچی جیم خانہ میں الوداعی تقریب منعقد ہوئی جس میں وزیر محنت و افرادی قوت و سماجی تحفظ سندھ سعید غنی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی.
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سعید غنی نے کہا کہ اوور 60 کرکٹ ٹیم کی عالمی کپ میں شرکت پورے ملک کے لیے اعزاز کی بات ہے اور قوم کو امید ہے کہ ٹیم بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی پاکستان ویٹرنز کرکٹ ایسوسی ایشن کے چیئرمین اور ٹیم کے کپتان فواد اعجاز خان نے کہا کہ قومی ٹیم 2022 میں آسٹریلیا میں جیتے گئے عالمی ٹائٹل کی روایت برقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہے انہوں نے بتایا کہ موجودہ اسکواڈ میں اس فاتح ٹیم کے پانچ کھلاڑی شامل ہیں، جبکہ سابق پاکستانی کرکٹر ساجد علی بھی ٹیم کا حصہ ہیں۔
پاکستان اپنی ورلڈ کپ مہم کا آغاز 9 اگست کو ویلز کے خلاف کرے گا، جبکہ اس کے بعد آئی ایم سی ایمرجنگ الیون، سری لنکا، میزبان کینیڈا، جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کے خلاف گروپ میچز کھیلے گا ٹورنامنٹ کے سیمی فائنلز 21 اگست جبکہ فائنل 23 اگست کو کھیلا جائے گا جہاں قومی ٹیم ایک بار پھر عالمی اعزاز اپنے نام کرنے کے عزم کے ساتھ میدان میں اترے گی۔