کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین) صوبائی وزیر محنت و افرادی قوت و سماجی تحفظ سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ مزدوروں اور محنت کشوں کے مفادات کے خلاف سندھ میں کسی قسم کی قانون سازی نہیں کی جائے گی لیبر کوڈ کے نفاذ سے قبل تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لے کر مکمل مشاورت کی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سندھ اسمبلی کے کمیٹی روم میں مختلف مزدور رہنماؤں سے ملاقات کے دوران کیا ملاقات میں حبیب الدین جنیدی، فرحت پروین، زہرہ خان، نسیم راؤ، مختار حسین، ناصر منصور، لیاقت علی ساہی، حسین بادشاہ سمیت دیگر مزدور رہنما جبکہ سیکریٹری محنت سندھ ساجد جمال ابڑو، ڈی جی لیبر نذیر احمد سومرو اور محکمہ محنت کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔
سعید غنی نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ مزدوروں اور آجروں کی مشاورت سے سندھ میں ایسا لیبر کوڈ نافذ کیا جائے جس سے تمام فریقین کے مسائل حل اور تحفظات دور ہوسکیں۔ انہوں نے سیکریٹری محنت اور ڈی جی لیبر کو مزدور رہنماؤں کے مسائل کے حل کے لیے ضروری اقدامات کی ہدایت بھی کی اس موقع پر مزدور رہنماؤں نے حکومت کی جانب سے لیبر کوڈ پر مشاورت کے عمل کو سراہتے ہوئے کہا کہ مزدوروں کو اعتماد میں لے کر قانون سازی کی کوشش قابلِ تحسین ہے، تاہم مزدوروں کے حقوق اور مفادات کا ہر صورت تحفظ یقینی بنایا جانا چاہیے۔