کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے جوائنٹ سیکریٹری طارق چاندی والا نے کہا ہے کہ آزادی صحافت جمہوریت کے ماتھے کا جھومر اور شفاف حکمرانی کے قیام کی اساس ہے۔ آزاد اور شفاف صحافت کے فروغ کے لئے صحافی برادری کو جان و ملازمت کا تحفظ فراہم کیا جانا ضروری ہے۔ حقائق کی نشاندہی کرکے صحافی اپنی جان کو خطروں میں ڈال لیتے ہیں، صحافت آسان کام نہیں۔ آج بھی ہمارے ملک میں صحافیوں کی اکثریت سچ پر قائم ہے اور سچ بولنے کی سزا ملازمت سے برطرفی، قید و بند اور گالیوں کی صورت میں حکمرانوں اور مفاد پرست طبقے سے پارہی ہے۔ صحافت میں موجود چند کالی بھیڑوں کی جھوٹ کی سزا پوری صحافی برادری کو نہیں دی جا سکتی۔ پاسبان عالمی یوم صحافت کے موقع پر صحافی برادری سے مکمل اظہار یکجہتی اور ان کے حقوق کی حمایت کرتی ہے اور ملک بھر کی تمام صوبائی اور وفاقی حکومتوں سے مطالبہ کرتی ہے کہ صحافی برادری کی فلاح و بہبود کے لئے وفاق و صوبوں کی سطح پر صحافیوں کو ملازمت کا تحفظ اور مستقل بنیادوں پر خصوصی پیکج فراہم کیا جائے۔ پاسبان میڈیا مالکان اور صحافی برادری سے بھی امید کرتی ہے کہ مظلوم عوام کی ترجمانی پاکستانی میڈیا کی اولین ترجیح ہو گی۔ عالمی یوم آزادی صحافت کے موقع پر پاسبان پریس انفارمیشن سیل سے جاری کردہ بیان میں پاسبان کے جوائنٹ سیکریٹری طارق چاندی والا نے مزید کہا کہ کورونا سے متاثرہ سال 2020 عالمی اور پاکستانی میڈیا کے لئے بھی ایک کڑا امتحان ہے۔ لاک ڈاؤن کے نفاذ، کورونا وائرس کی حقیقت، پوری دنیا میں اس کا پھیلاؤ اور اس کے نتیجے میں لاکھوں کی تعداد میں جانوں کا نقصان اور معیشتوں کی تباہی کے پس پردہ راز اور اصل حقائق سامنے لانا عالمی اور علاقائی صحافت کی ذمہ داری ہے۔ ملک میں صحافی برادری مفلوک الحال اور زندگی کے مسائل سے نبرد آزما ہے، یہی وجہ ہے کہ وہ اپنے پیشے پر پوری توجہ نہیں دے پاتے۔ صحافت کا معیار بہتر بنانے کے لئے حکومت صحافیوں کو درپیش مشکلات کو حل کرے۔ صحافیوں کی کم سے کم تنخواہ پچاس ہزار مقرر کی جائے اور بیروزگار ہونے کی صورت میں انہیں بیروزگاری الاؤنس دیا جائے۔ ماضی میں بالعموم اور موجودہ دور میں بالخصوص صحافیوں کے ساتھ جو نا انصافیاں مختلف عنوانات سے کی جا رہی ہیں، چاہے وہ تنخواہ میں تاخیر ہو، ملازمت سے سبکدوشی ہو، قید و بند کی صورت میں ہوں، لالچ دھمکیاں اور گالیوں یا ان کی جان لینے کی صورت میں، پاسبان ان تمام مظالم کی پُر زور مذمت کرتی ہے اوراس اس عزم کا اعادہ کرتی ہے کہ وہ اپنی صحافی برادری کو ان مشکل حالات میں تنہا نہیں چھوڑے گی۔
![]()
یہ بھی پڑھیں، نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں: پاکستان میں صحافی برادری نے آزادی صحافت کے حوالے سے تاریخی جدوجہد کی اور حق کی آواز بلند کرتے ہوئے سچ عوام تک پہنچایا۔ چیئرمین بلدیہ وسطی کراچی ریحان ہاشمی
https://www.nopnewstv.com/the-journalistic…nity-in-pakistan/