کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر اور صدر شیخ عمر ریحان نے یونائیٹڈ بزنس گروپ کے چیئرمین افتخار علی ملک کو سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے 14ویں صدر اور سینیٹر حاجی غلام علی کو نائب صدر کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے 11سال بعد تیسری مرتبہ سارک چیمبر کی صدارت سنبھالی ہے جوکہ خوش آئند ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ سارک چیمبر کے صدر کی حیثیت سے افتخار علی ملک اور نائب صدر کی حیثیت سے سینیٹر حاجی غلام علی سارک رکن ممالک کے مابین تجارتی اور معاشی تعلقات کو بہتر کرنے کے لئے مثبت کردار ادا کریں گے۔ ایس ایم منیر نے کہا کہ افتخار علی ملک ایک تجربہ کار اور مستند بزنس مین ہیں لہذا ان کا سارک چیمبر کا صدر منتخب ہونا پاکستان کے لئے ایک اعزاز کی بات ہے کیونکہ وہ اپنی صلاحیتوں اور تجربے کی بنیاد پر سارک ممالک کو مزید قریب لانے اور پاکستان کے ساتھ ان کے تجارتی تعلقات کو مضبوط بنانے کیلئے فعال کردار ادا کریں گے۔ ایس ایم منیر نے کہا کہ افتخار علی ملک مختلف حیثیتوں سے پاکستان کی تاجر برادری کے لئے گراں قدر خدمات انجام دے چکے ہیں کیونکہ بطور صدر لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری، صدر ایف پی سی سی آئی اور نائب صدر سارک چیمبر وہ اپنی عمدہ اور اعلیٰ قائدانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کر چکے ہیں، لہذا ان کا سارک چیمبر کے صدر کاعہدہ سنبھالنا پاکستان کی معیشت کے لئے بہترین فیصلہ ہوگا کیونکہ وہ پاکستان کی سارک خطے کے ساتھ تجارت اور ملکی برآمدات کو بہتر کرنے میں معاون ثابت ہوں گے۔ کاٹی کے صدر شیخ عمر ریحان نے کہا کہ افتخار علی ملک ایک تجربہ کار تاجر ہیں اوروہ اپنی تمام تر صلاحیتوں اور تجربات سے سارک کے تمام ممالک کو مزید قریب لانے اور تجارت بڑھانے میں ان کی مدد کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سارک ممالک کے درمیان تعاون سے تجارت کو فروغ دینے کے لئے بہت بہترین مواقعے موجود ہیں جن سے سارک ممالک آپس میں اپنی تجارتی شرح کو بہتر بناتے ہوئے بھرپور استفادہ حاصل کر سکتے ہیں، جبکہ سارک خطے میں علاقائی تجارت کو فروغ دینے کے لئے کاروبار دوستانہ ماحول کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ شیخ عمر ریحان نے اس امید کا اظہار کیا کہ یو بی جی کے چیئرمین افتخار علی ملک بحیثیت صدر اور سینیٹر حاجی غلام علی نائب صدر سارک حکومتوں کے تعاون سے علاقائی تجارت کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کی کوشش کریں گے تاکہ سارک خطہ اپنی اصل تجارتی صلاحیت سے استفادہ حاصل کر سکے جس کے سبب خطے میں غربت میں کمی ہوگی اور صنعتی و تجارتی سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہوگا۔
![]()
یہ بھی پڑھیں، نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں: میرپورخاص ضلعے میں کورونا کے مزید 38 کیسز مثبت آگئے، تعداد 558 ہوگئی، ہسپتال کے مزید 5 ملازمین بھی کورونا کا شکار
https://www.nopnewstv.com/38-more-cases-of-corona/