بہاولپور (رپورٹ: جاوید چوہدری) بہاولپور کے قریب اڈا مسافر خانہ محمود پیٹرولیم کے قریب کلانچ والا روڈ پر المناک حادثہ پیش آیا ہے جس کے نتیجے میں اسکول کے چار ننھے منے معصوم بچے جاں ہوگئے۔ جبکہ 12 بچے زخمی بھی ہوئے، حادثہ دھند کے باعث پیش آیا جس میں ٹریلر نے رکشے کو ٹکر مار دی، زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق زخمی ہونے والے 12 بچوں میں اسکول کے طالب علموں کے علاوہ رکشہ ڈرائیور بھی شامل ہے۔.افسوسناک صورتحال یہ بھی ہے کہ موٹر سائیکل رکشا پر 17 بچے روزانہ سوار ہو کر اسکول جاتے تھے۔ ان کو نہ کبھی ٹریفک پولیس نے روکا اور نہ ہی والدین نے منع کیا کہ کس طرح ایک موٹر سائیکل پر اتنے بچوں کو اسکول بھیجا جا سکتا ہے۔
اسی علاقے میں ایک ماہ کے دوران دوسرا بڑا حادثہ پیش آیا ہے۔ جس میں معصوم بچے جان سے گئے۔ حادثے پر وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار نے نوٹس لیتے ہوئے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کے احکامات جاری کیے۔ جبکہ زخمی بچوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کے احکامات بھی جاری کیے۔ جس پر ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا زخمیوں کی عیادت کے لیے بہاول وکٹوریہ ہسپتال پہنچ گئے۔