کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) ملک بھر کی میڈیسن تاجر برادری پی پی اے کے نائب صدر و چیف ڈرگ انسپکٹر عدنان رضوی کو بلیک میل کرنے کی مہم کے خلاف سراپا احتجاج ہو گئی۔ میڈیسن تاجر برادری عدنان رضوی کی حمایت میں میدانِ عمل میں نکل آئی۔ میڈیسن تاجر برادری و پاکستان فارماسسٹ ایسوسی ایشن اور کراچی کے میڈیسن تاجروں نے اعلیٰ عدالت سے رجوع کرنے کے لیے قانونی ماہرین سے صلاح مشورے شروع کر دیئے۔ واضع رہے کہ پی پی اے کے نائب صدر و چیف ڈرگ انسپکٹر عدنان رضوی کے خلاف ایک منظم سازش کے تحت انہیں کراچی کا ایک اخبار مسلسل بلیک میل اور بد نام کرنے کی کوشش کر رہا ہے جس کا ملک بھر کی میڈیسن تاجر برادری نے سختی سے نوٹس لیا ہے اور اس سازش کی شدید مذمت کی ہے۔ اُدھر پاکستان فارماسسٹ ایسوسی ایشن کے عہدیداروں کا ہنگامی اجلاس مشتاق احمد چوہدری کی صدارت میں ہوا اجلاس میں عزیز ناگرہ، اجلاں غنی، ڈاکٹر عاطف رضا اور دیگر عہدیداران نے شرکت کی۔ اجلاس میں عدنان رضوی کے خلاف جھوٹے پراپیگنڈے کی شدید مذمت کرتے ہوئے عہدیداران نے کہا کہ عدنان رضوی کے خلاف ایک اخبار کے مسلسل ایڈیشن سے ظاہر ہوتا ہے کہ مذکورہ اخبار صحافت کے اصولوں کو بالاِئے طاق رکھ کر مخصوص مقاصد کے لیے پسِ پردہ عناصر سے فوائد حاصل کرتے ہوئے منظم انداز میں مسلسل جھوٹا پراپیگنڈہ کر رہا ہے۔ لیکن ملک بھر کی میڈیسن تاجر برادری اس سازش کو کامیاب نہیں ہونے دے گی اور اس سلسلے میں بڑے پیمانے پر قانونی کاروائی کے لیے اعلیٰ عدلیہ سے رجوع کرنے کے لیے کراچی، لاہور، پشاور اور کوئٹہ میں قانونی ماہرین سے مشورہ کر کے الگ الگ پٹیشن دائر کرنے پر غور کر رہی ہے۔
![]()