کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین) سندھ حکومت نے نوجوانوں کو روزگار، ہنرمندی، کاروباری مواقع اور نجی شعبے سے مؤثر انداز میں منسلک کرنے کے لیے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ (PPP) فورم قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ فیصلہ سیکریٹری کھیل و امور نوجوانان سندھ منور علی مہیسر کی زیر صدارت کراچی میں یونائیٹڈ نیشنز پاپولیشن فنڈ (UNFPA) کے وفد اور مختلف سرکاری و نجی اداروں کے نمائندوں کے مشترکہ اجلاس میں کیا گیا جس میں نوجوانوں کی ترقی اور بااختیار بنانے کے لیے جامع حکمت عملی پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں سیکریٹری کھیل منور علی مہیسر نے کہا کہ مجوزہ فورم حکومت، نجی شعبے تعلیمی اداروں، صنعتوں، ترقیاتی شراکت داروں اور سول سوسائٹی کے درمیان مؤثر اشتراک کو فروغ دے گا تاکہ سندھ کے نوجوانوں کے لیے روزگار، فنی تربیت، کاروباری مواقع، کھیلوں، سماجی شمولیت اور جدید ٹیکنالوجی تک رسائی کے مشترکہ منصوبے شروع کیے جا سکیں انہوں نے کہا کہ فورم نوجوانوں کی ضروریات کے مطابق پالیسی سازی نجی سرمایہ کاری اور ادارہ جاتی تعاون کو بھی مضبوط بنائے گا، جبکہ محکمہ کھیل و امور نوجوانان کے جاری منصوبوں، یوتھ سینٹرز اور آئندہ پروگرامز پر بھی شرکاء کو تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس کے شرکاء نے نوجوانوں کی معاشی و سماجی ترقی کے لیے مشترکہ حکمت عملی پر اتفاق کرتے ہوئے محکمہ کھیل و امور نوجوانان کے ساتھ تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا اس موقع پر نجی شعبے نے یوتھ سینٹرز کو فعال بنانے تکنیکی معاونت، تربیت اور مہارتوں کی ترقی میں بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ سیکریٹری کھیل منور علی مہیسر نے کہا کہ صوبے کی صنعتوں میں میرٹ کی بنیاد پر نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے اور تمام اسٹیک ہولڈرز کو مل کر تعلیم یافتہ نوجوانوں کے روشن مستقبل اور انہیں بااختیار بنانے کے لیے مشترکہ اقدامات کرنا ہوں گے۔