کراچی، (اسٹاف رپورٹر) صوبائی وزیر ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول سندھ مکیش کمار چاولہ کی ہدایت پر صوبے بھر میں منشیات فروشوں اور اسمگلروں کے خلاف کارروائیاں تیزی سے جاری ہیں۔ اس سلسلے میں محکمہ ایکسائز کے نارکوٹکس کنٹرول ونگ روہڑی سرکل نے اروڑہ یونیورسٹی روڈ پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے شراب اسمگلنگ کی ایک بڑی کوشش ناکام بنا دی۔
ترجمان محکمہ ایکسائز کے مطابق چیکنگ کے دوران ایک مشتبہ گاڑی کو روک کر تلاشی لی گئی، جس کے نتیجے میں گاڑی سے 192 بوتلیں شراب برآمد کر لی گئیں۔ کارروائی کے دوران دو ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جن کا تعلق کوئٹہ، بلوچستان سے بتایا جاتا ہے۔
محکمہ نارکوٹکس کنٹرول ونگ نے برآمد شدہ شراب کے ساتھ اسمگلنگ میں استعمال ہونے والی گاڑی بھی تحویل میں لے لی۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزمان نے شناخت چھپانے کے لیے گاڑی پر جعلی نمبر پلیٹ BEJ-827 نصب کر رکھی تھی اور اسی کے ذریعے شراب اسمگل کرنے کی کوشش کر رہے تھے محکمہ ایکسائز نے ملزمان کے خلاف مقدمہ نمبر 04/2026 درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے تاکہ اسمگلنگ کے ممکنہ نیٹ ورک اور دیگر سہولت کاروں کا سراغ لگایا جا سکے۔
صوبائی وزیر مکیش کمار چاولہ نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی ہے کہ منشیات فروشوں اور اسمگلروں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں مزید تیز کی جائیں اور ایسے عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت اقدامات یقینی بنائے جائیں۔