ژوب، (اسٹاف رپورٹر ) بلوچستان اور خیبر پختونخوا کی سرحد پر واقع دانہ سر کے مقام پر ایک مسافر کوچ گہری کھائی میں گرنے سے ہولناک حادثے کا شکار ہوگئی، جس کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت کم از کم 40 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق کوچ کوئٹہ سے پشاور جا رہی تھی کہ دشوار گزار پہاڑی راستے پر حادثے کا شکار ہو گئی۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ضلع شیرانی کی انتظامیہ، ریسکیو 1122، فرنٹیئر کور (ایف سی)، پولیس اور دیگر امدادی اداروں کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں، جبکہ خیبر پختونخوا سے بھی امدادی اہلکار ریسکیو آپریشن میں شریک ہوئے۔
ڈپٹی کمشنر شیرانی حضرت ولی کاکڑ نے بتایا کہ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا جا رہا ہے، جبکہ جاں بحق افراد کی لاشیں نکالنے کا عمل جاری ہے۔ دشوار گزار پہاڑی علاقے کی وجہ سے امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا ہے، تاہم تمام متعلقہ ادارے مشترکہ طور پر امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔
حادثے کے بعد شیرانی اور ڈیرہ اسماعیل خان کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے تاکہ زخمیوں کو بروقت طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ حکام نے واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز بھی کر دیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کی مغفرت، لواحقین کے لیے صبر جمیل اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو زخمیوں کو ہر ممکن طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی۔
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے بھی افسوسناک حادثے پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت نے فوری طور پر ریسکیو کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ انہوں نے امدادی کاموں میں تیزی، زخمیوں کے بہترین علاج اور حادثے کی مکمل تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
ادھر چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بھی حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ متعلقہ ادارے متاثرین کو ہر ممکن طبی امداد فراہم کریں گے۔