کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین/کرائم نیوز) کشمور میں قبائلی تنازعات کے دو علیحدہ واقعات میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر جاوید عالم اوڈھو نے سخت نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی لاڑکانہ سے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی ہے۔
آئی جی سندھ نے متعلقہ پولیس حکام کو ہدایت جاری کی ہے کہ واقعات میں ملوث تمام عناصر کو فوری طور پر گرفتار کرکے ان کے خلاف بلاامتیاز اور مؤثر قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ علاقے میں امن و امان کی صورتحال ہر صورت برقرار رکھی جائے اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ امن و امان کی فضا کو خراب کرنے، خوف و ہراس پھیلانے اور قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ آئی جی سندھ نے کشمور اور گردونواح میں پولیس گشت، ناکہ بندیوں اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کو مزید مؤثر بنانے کی بھی ہدایت دی تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کا بروقت سدباب ممکن بنایا جاسکے۔