کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین/اسٹاف رپورٹر) پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے چیئرمین نثار احمد کھوڑو نے کراچی کی تمام 246 یونین کمیٹیز کے گزشتہ تین سال کے خصوصی مالی آڈٹ کا حکم دے دیا ہے۔ انہوں نے یہ ہدایت میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کے خط کی روشنی میں ڈی جی آڈٹ کو جاری کی۔ چیئرمین پی اے سی نے تمام یوسیز کے ماہانہ او زی ٹی فنڈز کے استعمال، اخراجات، ملازمین اور پنشن کی تفصیلات بھی طلب کر لی ہیں، جبکہ کراچی کے تمام ٹاؤنز سے روڈ کٹنگ چارجز کی مد میں وصول کی گئی رقم کی تفصیلات بھی مانگ لی گئی ہیں۔
نثار کھوڑو کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت ہر یونین کمیٹی کو ماہانہ 12 لاکھ روپے او زی ٹی فنڈ فراہم کر رہی ہے، جس کے تحت کراچی کی 246 یوسیز کو مجموعی طور پر 29 کروڑ 52 لاکھ روپے ماہانہ دیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی فلاح کے لیے فراہم کیے جانے والے ان فنڈز کے استعمال سے متعلق شفافیت ضروری ہے، کیونکہ اس وقت کسی کو معلوم نہیں کہ یوسیز یہ فنڈز کہاں خرچ کر رہی ہیں۔ ان کے مطابق خصوصی مالی آڈٹ سے یہ واضح ہو سکے گا کہ فنڈز کس مد میں استعمال ہوئے، جبکہ مالی بے ضابطگیاں ثابت ہونے کی صورت میں کارروائی بھی کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ یوسیز کے مالی آڈٹ سے نچلی سطح پر کارکردگی میں بہتری آئے گی، جبکہ ٹاؤنز کو روڈ کٹنگ چارجز کی مد میں وصول ہونے والی اربوں روپے کی رقم کے استعمال پر بھی جواب دینا ہوگا۔