کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین/اسپورٹس رپورٹر) کراچی کڈز نے پاکستان ٹیپ بال فیڈریشن کے زیرِ اہتمام منعقدہ پاکستان ٹیپ بال پریمئر لیگ جیت لی۔ نیا ناظم آباد کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے سنسنی خیز فائنل میں کراچی کڈز نے راولپنڈی رائلز کو 6 رنز سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ فائنل دیکھنے کے لیے سینکڑوں شائقین گراؤنڈ میں موجود تھے، جبکہ میچ کے اختتام پر میوزیکل شو، لیزر لائٹ شو اور شاندار آتش بازی کا مظاہرہ بھی کیا گیا۔ معروف گلوکار ساحر علی بگا نے اپنی آواز سے تقریب کو چار چاند لگا دیے۔
اختتامی تقریب میں سابق قومی کپتان جاوید میانداد، معروف سیاست دان فاروق ستار، پاکستان ٹیپ بال پریمئر لیگ کے چیئرمین زوہیر نصیر، حماد این ڈی خان، سابق ٹیسٹ کرکٹرز توصیف احمد اور صادق محمد، جبکہ نیا ناظم آباد کے ڈائریکٹر اسپورٹس محمد طلحہ نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔ فاتح ٹیم کراچی کڈز کو 30 لاکھ روپے کی انعامی رقم کے علاوہ ہر کھلاڑی کو پلاٹ کی فائل بھی دی گئی۔
معروف سماجی رہنما ظفر عباس کی سرپرستی میں کھیلنے والی کراچی کڈز نے پہلی اننگز میں دو وکٹوں پر 114 رنز اسکور کیے۔ وکٹ کیپر زین علی نے شاندار جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 17 گیندوں پر دو چوکوں اور سات چھکوں کی مدد سے 54 رنز بنائے، جبکہ مزمل نے 13 گیندوں پر تین چھکوں کے ساتھ 30 رنز اسکور کیے۔ قادر کشمیری نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ جواب میں راولپنڈی رائلز پہلی اننگز میں 6 وکٹوں پر 62 رنز بنا سکی، وقاص شیر 33 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
کراچی کڈز نے دوسری اننگز میں تین وکٹوں پر 93 رنز بنا کر مجموعی طور پر 145 رنز کی برتری حاصل کر لی۔ اسامہ علی نے 19 گیندوں پر تین چوکوں اور چھ چھکوں کی مدد سے شاندار 54 رنز بنائے۔ 146 رنز کے ہدف کے تعاقب میں راولپنڈی رائلز کی جانب سے کپتان تیمور مرزا نے بھرپور لاٹھی چارج کیا اور 22 گیندوں پر دو چوکوں اور دس چھکوں کی مدد سے ناقابلِ شکست 79 رنز بنائے، تاہم ان کی یہ شاندار اننگز ٹیم کو فتح دلانے میں ناکام رہی۔ راولپنڈی رائلز ایک وکٹ پر 139 رنز ہی بنا سکی۔
ایم دلشاد کو فائنل کا پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ کراچی کڈز کے اسامہ علی 555 رنز کے ساتھ ٹورنامنٹ کے بہترین بیٹر، لاڑکانہ وارئیرز کے ایم حسنین 22 وکٹوں کے ساتھ بہترین بالر، جبکہ حیدرآباد ہنٹرز کے عبید خان 19 کیچز کے ساتھ بہترین فیلڈر وکٹ کیپر قرار پائے۔