کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین/اسٹاف رپورٹر) آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کی جانب سے آرمی پبلک اسکول (اے پی ایس) پشاور کے شہداء کی یاد میں لابی ایریا میں شمعیں روشن کرنے کی خصوصی تقریب منعقد کی گئی۔ تقریب میں صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے اراکینِ گورننگ باڈی، فن و ثقافت سے وابستہ شخصیات اور شہریوں کی بڑی تعداد کے ہمراہ شمعیں روشن کر کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
اس موقع پر محمد احمد شاہ نے کہا کہ سانحہ اے پی ایس میں 130 بچوں سمیت 19 اساتذہ کو شہید کیا گیا، یہ قوم ہر شہادت کو یاد رکھتی ہے اور ایک سیسہ پلائی دیوار کی طرح متحد ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا دفاع افواجِ پاکستان اور 25 کروڑ عوام کے مضبوط ہاتھوں میں ہے اور دشمنوں کو ہمارے بچوں اور عوام کی جان لینے کا کوئی حق نہیں۔
معروف شاعرہ ڈاکٹر فاطمہ حسن نے کہا کہ بچے پھولوں کی مانند ہوتے ہیں اور ایک ماں ہونے کے ناطے وہ ان والدین کے دکھ کو محسوس کر سکتی ہیں جنہوں نے اپنے بچوں کو اسکول بھیجا اور ان کی واپسی کا انتظار کرتے رہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے بچوں کی جان لینے والے انسان نہیں بلکہ درندے تھے، اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو دشمنوں کی سفاکیت سے محفوظ رکھے۔
تقریب میں سانحہ اے پی ایس کے شہداء کے لیے دعائیں کی گئیں اور ان کی عظیم قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔