کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین/اسپورٹس رپورٹر)
وزیراعلیٰ سندھ کی زیر صدارت سندھ کابینہ کے اجلاس میں صوبے میں کھیلوں کے فروغ کے لیے اہم مالی فیصلے کیے گئے اجلاس میں کھیلوں بالخصوص اسکواش چیمپئن شپ ایسوسی ایشن گولڈ کپ کے انعقاد کے لیے 56 ملین روپے کی منظوری دے دی گئی۔
اسی طرح وزیراعلیٰ سندھ نے ویٹرن کرکٹ ایسوسی ایشن کے تحت ٹی 20 کرکٹ ورلڈ کپ کے انعقاد کے لیے 50 ملین روپے کی منظوری بھی دی وزیراعلیٰ سندھ نے واضح کیا کہ کھیلوں کے لیے یہ فنڈز پہلے سے موجود تھے جنہیں ضرورت کے مطابق دوبارہ مختص (ری اپروپری ایٹ) کیا گیا ہے۔
اجلاس میں اس امر پر زور دیا گیا کہ صوبائی حکومت نوجوانوں اور تجربہ کار کھلاڑیوں دونوں کے لیے کھیلوں کے مواقع بڑھانے کے لیے پرعزم ہے، جبکہ ایسے بین الاقوامی اور قومی سطح کے ایونٹس کے انعقاد سے نہ صرف کھیلوں کو فروغ ملے گا بلکہ صوبے کا مثبت تشخص بھی اجاگر ہوگا۔