کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین/اسپورٹس رپورٹر) آج سندھ کے لیے فخر کا دن ہے کہ 18 سال بعد صوبے کو نیشنل گیمز کی میزبانی کا اعزاز دوبارہ ملا ہے۔ یہ صرف میزبانی نہیں بلکہ ایک کامیاب اور تاریخی ایونٹ منعقد کرنے کا عزم ہے نیشنل گیمز کھلاڑیوں کے لیے اپنی صلاحیت اور ٹیلنٹ دکھانے کا بہترین پلیٹ فارم ہیں، جبکہ روایتی ٹارچ ریلی کراچی سے شروع ہوکر پورے پاکستان کا سفر کرے گی۔
حکام کے مطابق نیشنل گیمز کا انعقاد ایک بڑا اور مشکل کام تھا، تاہم وزیراعلیٰ سندھ اور پوری انتظامی ٹیم نے بھرپور محنت سے اس چیلنج کو ممکن بنایا بڑے اسپورٹس ایونٹ کے لیے صوبے بھر میں تیاریوں کو حتمی شکل دے دی گئی ہے اور مختلف شہروں کو خوش آمدیدی رنگوں سے سجایا گیا ہے۔
نیشنل گیمز 6 دسمبر سے کراچی میں شروع ہوں گے، جن میں ملک بھر سے 11 ہزار سے زائد کھلاڑی حصہ لیں گے صدرِ پاکستان آصف علی زرداری اور وزیراعظم پاکستان افتتاحی اور اختتامی تقاریب میں شرکت کریں گے، جس سے اس اہم ایونٹ کی اہمیت میں مزید اضافہ ہو گا۔
سندھ نے گیمز کے لیے 24 وینیوز کا انتخاب کیا ہے جبکہ کھلاڑیوں کے فیئر ٹرائلز کا منصفانہ سلسلہ مکمل کیا گیا۔ صوبائی حکام کا کہنا ہے کہ سندھ کے کھلاڑی بھرپور تیاری کے ساتھ میدان میں اتریں گے اور شاندار کارکردگی دکھا کر کامیابی سمیٹیں گے۔